محکمہ سیاحت اور کلچرل اکیڈمی کے زیر اہتمام محفل مشاعرہ

پونچھ//محکمہ سیاحت اورجموں کشمیر اکیڈمی آف آرٹ کلچرر ایڈ لیگویجز کے زیر اہتمام ناٹو آڈ یٹوریم پونچھ میں محفل مشاعرہ منعقد کی گئی مشاعرہ میں خطہ پیر پنچا ل کے معروف شعراء نے شرکت کی اور اپنے کلام پیش کر کے سامعین سے داد و تحسین حاصل کی۔ آزادی کا امرت مہااتسو کے تحت منعقدہ محفل مشاعرہ میں مہمانِ خصوصی کی حیثیت سے لیفٹیننٹ گورنر جموں کشمیر نے شرکت کی تھی لیکن موسم کی خرابی کی وجہ سے جب ان کا دورہ ملتوی ہوا تو مشاعرہ میںضلع ترقیاتی کمشنر پونچھ اندر جیت نے مہمان خصوصی کی حیثیت سے شرکت کی جبکہ معروف تاریخ دان، شاعر کے ڈی مینی نے مشاعرے کی صدارت کی ۔ تقریب سے لطف اندوز ہونے کے لئے ضلع افسران، سماجی وسیاسی کارکنان کے علاوہ سینکڑوں مقامی لوگوںنے شرکت کی۔ اس دوران کووڈ 19 کے رہنما خطوط کا پورا خیال رکھا گیا۔مشاعرہ میں ڈی ڈی سی ممبر چوہدری عبدالغنی، بی ڈی سی ممبر جمیل کوہلی ، سابق ایم ایل سی ڈاکٹر شہناز گنائی بھی موجود رہے جنہوں نے شعراء کے اشعار سنے اور انھیں داد تحسین سے نوازا۔ مشاعرے کے دوران جن شعرائے نے اپنے کلام پیش کئے ان میں کے ڈی مینی،پرویز ملک، محتشم احتشام، بشیر لوہار، ایاز سیف اور سہیل عمران، انور خان، علمدار عدم شامل ہیں۔اختتام مشاعرہ پر ضلع ترقیاتی کمشنراندرجیت نے تمام شعر میں یادگاری میمنٹوز تقسیم کئے ا ور ان کا شکریہ ادا کیا۔انہوں نے پروگرام کو کامیاب بنانے کیلئے محفل میں شریک شعراء اور سامعین کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ ضلع ا نتظامیہ شعراء کی حوصلہ افزائی کیلئے ایسے مشاعروں کی محفلیں مستقبل میں بھی آراستہ کرتی رہے گی۔ مشاعرے کے دوران نظامت کے فرائض پردیپ کھنہ نے انجام دیئے۔