سرینگر// جوائنٹ ایمپلائز ایسو سی ایشن محکمہ جل شکتی نے منگل کوپریس کالونی میںاحتجاج کرتے ہوئے واٹر سپلائی ماسٹر پلان سرینگر میں کام کررہے ڈیلی ویجروں کو مبینہ طور ہراساں کرنے کا الزام لگاتے ہوئے محکمہ کے عارضی ملازموں کی تنخواہوں کی واگذاری کا مطالبہ کیا۔احتجاجی ملازمین نے ہاتھوں میں پلے کارڈس لئے جم کر نعرہ بازی کی ۔احتجاجی ڈیلی ویجروں نے تنخواہوں کی واگذاری اور ملازمین کو بلا جوازہراساں کرنے والے آفیسران کے خلاف کارروائی کی مانگ کی ۔اس موقع پر ایسو سی ایشن کے صدر سجاد احمد پرے نے بتایا کہ ہمارے عارضی ملازمین کو ایک منصوبہ بند سازش کے تحت ہراساں کیا جا رہا ہے ۔انہوں الزام لگایا کہ ماسٹر پلان ڈویژن سرینگر میں تنخواہ کا مطالبہ کرنے پر عارضی ملازمین کو 20کلو میٹر دور تبدیل کیا جارہاہے ۔موصوف نے مذکورہ آفیسران کے خلاف کارروائی کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ عارضی ملازمین کو فوری طور تنخواہ واگذار کیا جانا چاہئے اور ان کو دیگر سہولیات بھی میسر کی جانی چاہئے ۔انہوں نے اس سلسلے میں لیفٹنیٹ گورنر ،چیف سیکرٹری ،کمشنر سیکرٹری پی ایچ ای سے اس سلسلے میں مداخلت کی اپیل کی تاکہ غریب ملازمین کی بلا وجہ ہراسانی بند ہو۔( مشمولات یو این آئی)
محکمہ جل شکتی کے عارضی ملازمین کاپریس کالونی میں احتجاج | واٹر سپلائی ماسٹر پلان سرینگر کے ڈیلی ویجروںکو ہراساں کرنے کا الزام
