محکمہ تعلیم کے 636 ملازمین اور680جونیئر انجینئرترقیاب

 سرینگر//ناظمِ تعلیم سکول کشمیر ڈاکٹر جی این ایتو نے محکمہ کے 636 اہلکاروں کو ترقی سے نوازنے کے احکامات صادر کئے ہیں ان میں 59 غیر تدریسی عملہ بھی شامل ہے ۔ اس سلسلے میں محکمہ کی طرف سے جاری ایک پریس بیان میں کہا گیا ہے کہ تدریسی اور غیر تدریسی شعبے کے 1888 اہلکاروں کو جولائی 2018 سے ترقیوں کے فوائد دئیے گئے ہیں ۔ واضح رہے کہ ڈائریکٹوریٹ نے جی پی فنڈ معاملات سمیت تمام معاملات کو حل کرنے کیلئے ایک شفاف لایحہ عمل اختیار کیا ہے ۔ دریں اثنا ناظمِ  تعلیم نے وضح کئے گئے 107 نجی کوچنگ مراکز کے حق میں رجسٹریشن بھی جاری کی ہے ۔ ڈائریکٹر نے اُمید ظاہر کی ہے کہ محکمہ کے ملازمین مزید تندہی اور لگن کے ساتھ کام کر کے سکولو ں میں تعلیمی معیار کو بلندیوں تک لے جانے میں اپنا بھر پو ر رول ادا کریں گے ۔ ادھر پی ایچ ای ، آبپاشی و فلڈ کنٹرول محکموں نے 680 جونئیر انجینئروں کی ترقیوں کی کنفرمیشن کے احکامات صاد ر کئے ہیں ۔ جنہیں اعلیٰ عہدوں پر پہلے ہی تعینات کیا گیا تھا ۔ ان ترقیوں کو جے کے پی ایس سی میں منعقدہ ڈیپارٹمنٹل پرموشن کمیٹی کی ایک میٹنگ کے دوران منظوری دی گئی ۔ سیکرٹر ی پی ایچ ای ، آئی اینڈ ایف سی فاروق احمد شاہ ، پبلک سروس کمیشن کے ارکان اور کئی دیگر افسران بھی میٹنگ میں موجود تھے ۔ اس موقعہ پر فاروق احمد شاہ نے کہا کہ محکمہ نے تمام سطحوں پر انجینئروں کی سینارٹی لسٹ تیار کرنا شروع کیا ہے تا کہ ڈی پی سی منعقد کر کے انہیں ترقیوں سے نوازہ جا سکے ۔