محکمہ انکم ٹیکس نے جموں و کشمیر اور دہلی میں کئی مقامات کی تلاشی لی

نیوز ڈیسک
 

جموں// انکم ٹیکس ڈیپارٹمنٹ نے جماور شال، پشمینہ اور کشمیری شالوں کے ایک معروف مینوفیکچرر اور تجارتی اداروں میں تلاشی اور ضبطی کی کارروائیاں انجام دیں۔

 

تفصیلات کے مطابق، تلاشی مہم سری نگر، اننت ناگ اور دہلی میں قائم 15 سے زیادہ احاطوں میں کی گئی۔ 

 

سرکاری بیان کے مطابق سرچ آپریشن کے دوران بڑی تعداد میں مجرمانہ شواہد بشمول ہارڈ کاپی دستاویزات اور ڈیجیٹل شواہد ملے اور ضبط کرلئے گئے۔ ضبط شدہ دستاویزات کے ابتدائی تجزیے سے ظاہر ہوتا ہے کہ فروخت کا کافی حصہ نقدی میں کیا گیا ہے جو کہ اکاو¿نٹ کی باقاعدہ کتابوں میں درج نہیں پایا گیا۔ تلاشی کارروائی سے یہ بھی انکشاف ہوا ہے کہ گروپ نے اسٹاک کی کم قیمت اور کم رپورٹنگ کے ذریعے بڑے پیمانے پر ٹیکس چوری کا سہارا لیا ہے۔

 

زرائع نے بتایا، “صرف دہلی میں 4 کروڑ روپے سے زیادہ کے بے حساب اسٹاک کا پتہ لگایا ہے”۔

 

یہ گروپ سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات میں واقع اپنے مختلف تجارتی اداروں کو ہندوستان سے برآمدات بھی فراہم کر رہا ہے۔ تاہم، متحدہ عرب امارات میں غیر رسمی منافع کی تقسیم کے انتظامات کے ساتھ، تیسرے فریق کے نام پر کاروبار پایا گیا ہے۔

 

اس گروپ نے نہ صرف ہندوستان بلکہ بیرون ملک بھی بڑی تعداد میں غیر منقولہ جائیدادوں میں بے حساب سرمایہ کاری کی ہے۔ تحقیقات سے اس گروپ کی ایک لگژری ہوٹل میں سرمایہ کاری کا مزید انکشاف ہوا ہے جس کا حساب کتاب مکمل طور پر ظاہر نہیں کیا گیا ہے۔

 

تلاشی کی کارروائی کے دوران 46 لاکھ روپے سے زائد کی نقدی ضبط کی گئی ہے۔ مزید تفتیش جاری ہے۔