سرنکوٹ// پنچایت ہاڑی لور لفٹ میں نصب بجلی ٹرانسفارمر لوگوں کیلئے وبال جان بن چکا ہے کیونکہ ٹرانسفارمر کی تاریں زمین پر لٹک رہی ہیں جو کسی بھی وقت حادثہ کا باعث بن سکتا ہے۔مقامی سرپنچ سکندر نورانی اور لوگوں نے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ٹرانسفارمر جہاں نصب کیا گیا وہاں وہ غیر معیاری طریقے سے تاروں کے ساتھ بندھا ہواہے اور اس کی تاریں زمین پر لٹک رہی ہیں جو کسی خطرے سے کم نہیں۔ انھوں نے محلہ راجدھان میں لگایا ٹرانسفارمر بالکل راستے میں ہے جس سے کسی کی جان بھی جا سکتی ہے۔ انھوں نے کہا کہ لوہے کے کھمبوں پر لکڑی کے ڈنڈوں کا سہارا لیکر ٹرانسفارمر کو رکھاگیا ہے جوہلکی ہوا کے چلنے سے بھی گر سکتاہے۔ لوگوں نے محلہ راجدھان میں فوری طور پر کھمبے بدل کر ٹرانسفارمر کو اونچی جگہ پر نصب کرنے کا مطالبہ کیاتاکہ ممکنہ حادثات کو ٹالا جاسکے۔