عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر// پی ڈی پی صدر محبوبہ مفتی نے جمعہ کو اننت ناگ-راجوری لوک سبھا نشست پر پولنگ سے قبل ووٹروں سے اپنی اپیل میں کہا، “امید ہے کہ آپ مجھے مایوس نہیں کریں گے اور مجھے پارلیمنٹ میں اپنا وکیل بننے کا موقع دیں گے”۔ محبوبہ مفتی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر ایک ویڈیو پیغام میں کہا، “کل آپ سب ووٹ ڈالنے جائیں گے۔ میں آپ سے درخواست کرتی ہوں کہ اپنا ووٹ ڈالنے سے پہلے سوچیں کہ مشکل وقت میں کس نے آپ کا ساتھ دیا ہے”۔ محبوبہ مفتی نے کہا کہ ان کے خاندان، ان کی پارٹی اور انہوں نے لوگوں کے حق میں وکالت کرنے کی بھاری قیمت ادا کی ہے۔ اس کے باوجود، میں نے ذات پات اور مذہب سے اوپر اٹھ کر انصاف کے لیے آواز اٹھائی اور اٹھاتی رہوں گی۔ اننت ناگ-راجوری حلقہ سے امیدوار محبوبہ مفتی نے مزید کہا، “میری حمایت کرکے اور مجھے ووٹ دے کر، آپ مجھے پارلیمنٹ میں اپنا وکیل بننے اور ان مسائل کی تصویر کشی کا موقع ضرور دیں گے جن کا ہم سامنا کر رہے ہیں”۔ پی ڈی پی سربراہ محبوبہ مفتی 2015 میں بی جے پی کے ساتھ اتحاد کے بعد اپنی سیاسی جماعت پی ڈی پی کی قسمت کو بحال کرنے کیلئے کوشاں ہیں۔ اننت ناگ-راجوری حلقہ سے انہیں نہ صرف ممتاز گوجر رہنما اور سابق وزیر میاں الطاف احمد سے مقابلہ ہے بلکہ اپنی پارٹی کے ظفر اقبال منہاس کی طرف سے بھی چیلنج کا سامنا ہے، جو پیر پنجال کے علاقے میں بی جے پی کی حمایت حاصل کرنے میں کامیاب ہونے کے بعد پی ڈی پی اور این سی دونوں کی امیدوں پر پانی پھیرنے کی امید میں ہیں۔ سابق وزیر اعلیٰ غلام نبی آزاد کی ڈیموکریٹک پروگریسو آزاد پارٹی (DPAP) نے اس نشست سے محمد سلیم پرے کو میدان میں اتارا ہے۔ بتادیں کہ اس حلقہ پر ووٹنگ کل، بروز ہفتہ 25 مئی کو ہو گی۔ ووٹوں کی گنتی 4 جون کو ہو گی۔