جموں/ /وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی ،نیشنل کانفرنس صدرڈاکٹر فاروق اور کارگذار صدر عمر عبداللہ آغا سید محمد فضل اللہ کی رحلت پر رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔وزیراعلیٰ محبوبہ مفتی نے مذہبی رہنما آغا سید محمد فضل اللہ کے انتقال پر دُکھ اور صدمے کا اظہار کیا ہے ۔ وزیر اعلیٰ نے آغا فضل اللہ کے رول کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے ہمیشہ اپنے پیرو کاروں میں سماجی ، تعلیمی اور روحانی بیداری پیدا کرنے میں ایک اہم رول ادا کیا ۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ مرحوم نے ہمیشہ مختلف طبقوں کے مابین یکجہتی اور برادری کی پاسداری کی ۔ محبوبہ مفتی نے مرحوم کے ایصال ثواب کیلئے دعا کرتے ہوئے سوگوار کنبے کے ساتھ ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا ۔ نیشنل کانفرنس صدر ڈاکٹر فاروق عبداللہ اور کارگذار صدر عمر عبداللہ نے ریاست کے سرکردہ عالم الدین، ممتاز دینی و سماجی شخصیت آغا سید محمد فضل اللہ کے انتقال پُرملال پر گہرے صدمے کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے اپنے تعزیتی پیغام میں کہا کہ مرحوم نے تبلیغ دین کے سلسلے میں جو ناقابل فراموش خدمات انجام دی ہیں وہ ہمارے لئے مشعل راہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مرحوم عمر بھر عوام دوستی کا رول ادا کرتے آئے اور مرحوم شیعہ سنی اتحاد کے علمبردار رہے۔اس صدمہ پر مرحوم کے برادر اصغر اورپارٹی کے سینئر لیڈر آغا سید محمود کے ساتھ ساتھ پارٹی کے ترجمانِ اعلیٰ و ایم ایل اے بڈگام آغا سید روح اللہ کے ساتھ بھی تعزیت کا اظہار کیا۔ پارٹی کے جنرل سکریٹری علی محمد ساگر، معاون جنرل سکریٹری ڈاکٹر شیخ مصطفیٰ کمال، صوبائی صدر ناسر اسلم وانی، سینئر لیڈران عبدالرحیم راتھر، علی محمد ڈار، تنویر صادق، ترجمان جنید عظیم متو نے بھی تعزیت کا اظہار کیا۔