سرینگر// حریت(ع)،تحریک مزاحمت ، مسلم لیگ، سالویشن مومنٹ، پیپلز لیگ،اسلامک پولٹکل پارٹی اور ینگ مینز لیگ نے مجہ گنڈ معرکہ آرائی کے دوران جاں بحق ہوئے جنگجوئوں کو خراج عقیدت ادا کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان قربانیوں کی حفاظت کرنا اور حصول مقصد تک جدوجہد جاری رکھنا قیادت اور قوم کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ حریت (ع) نے خراج عقیدت ادا کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ سرفروش اپنے پیدائشی حق، حق خودارادیت کیلئے اپنی اٹھتی جوانیاں نچھاور کررہے ہیں اور انکے مشن کی آبیاری اور اُسے پایہ تکمیل تک لیجانا قیادت اور قوم کی مشترکہ ذمہ داری ہے ۔حریت بیان کے مطابق قربانیاں رواں تحریک کا انمول اثاثہ ہیں لہٰذا یکسوئی اور استقامت کا مظاہرہ کرنا کامیابی کیلئے ناگزیر ہے ۔بیان میں کہا گیا کہ یہ ایک ناقابل تردید تاریخی حقیقت ہے اور پوری دنیا اس سے باخبر ہے کہ کشمیری قیادت اور عوام اپنے حقوق خاص طور پر حق خودارادیت کے حصول کیلئے پورے تسلسل اور تواتر کے ساتھ ایک باوقار اور پر امن سیاسی جدوجہد میں مصروف عمل ہے تاہم بے پناہ فوجی قوت اور تشدد کے بل پر اسے دبانے کی سیاسی کاری میں لگے ہیں اور بھارت کے اس جارحانہ رویہ کے سبب کشمیر میں خون خرابے کا عمل اور بنیادی انسانی حقوق کی پامالیوں کا سلسلہ رکنے کا نام نہیں لے رہا ہے ۔بیان کے مطابق کشمیرایک انسانی اور سیاسی تنازعہ ہے اور اسے سیاسی اور انسانی بنیادوں پر ہی حل کرکے خطے میں دائمی امن اور سیاسی استحکام کا قیام ممکن بنایا جاسکتا ہے ۔تحریک مزاحمت کے محبوس چیئرمین بلال احمد صدیقی نے خراج عقیدت ادا کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہمارے نوجوان آزادی اور اسلام کی سربلندی کے لئے اپنی عزیز جانوں کا نذرانہ پیش کر رہے ہیں اور حق و باطل کی اس معرکہ آرائی کے دوران صبر و ہمت اور عزم و استقلال کی ایک ایسی داستان رقم کر رہے ہیں جو اپنی مثال آپ ہے۔ مسلم لیگ کے ایک وفد نے محمد رفیق گنائی کی قیادت میں حاجن بانڈی پورہ جاکر نماز جنازہ میں شرکت کی اور لواحقین کے ساتھ اظہار یکجہتی کیا ۔ترجمان کے مطابق اس موقعہ پر لوگوں سے خطاب کرتے ہوئے رفیق گنائی نے کہا کہ ہندوستان بے رحمانہ انداز سے ہمارے لخت جگروں کے سروں کی فصلیں کاٹ رہا ہے اور بے بسوں اور نہتے لوگوں کے خون کو بے دریغ بہا رہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے تعلیم یافتہ نوجوانوں کی بڑی تعداد جس طرح عسکریت کا راستہ اپناتے ہیں اس کا سب سے بڑا محرک یہی ہے کہ ہندوستان نے اُن سے وہ حقوق چھین لئے ہیں جو حقوق اُنھیں عزت اور امن کی ضمانت دیتے تھے ۔ سالویشن مومنٹ چیئرمین ظفر اکبر بٹ نے خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ جس طرح ہمارے معصوموں کو بندوق کی طرف دھکیلاجارہا ہے اور پھر بے دردی سے گولیوں کا نشانہ بنایا جاتا ہے، وہ انتہائی بدقسمتی کا مقام ہے۔ پیپلز لیگ کے وائس چیر مین محمد یاسین عطائی ،اسلامک پولٹکل پارٹی کے چیرمین محمد یوسف نقاش اور ینگ مینز لیگ کے چیئرمین امتیاز احمد ریشی نے خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ نوجوانوں کی قربانیاں آزادی کی ضمانت ہیں۔