سرینگر //وادی میں گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران الگ الگ حادثات میں خاتون سمیت تین افراد ہلاک اوردوفوجی اہلکاروں سمیت چھ افرادزخمی ہوگئے۔سرینگر کو نواح مجہ گنڈ میں ایک تیزرفتارٹرک اور موٹر سائیکل کے درمیان ہوئی ٹکر میں ایک خاتون چل بسی۔اطلاعات کے مطابق سرینگر شہر کے نواحی علاقہ مجہ گنڈ کے مقام پر ٹرک زیر نمبر JK16A-8123 نے مخالف سمت سے آ رہے چیسز نمبر موٹرسائیکل کو ٹکر ماری جس کے نتیجے میں 55 برس کی سارہ بانو زوجہ محمد رمضان پرے ساکنہ زینہ کوٹ ایچ ایم ٹی شدید زخمی ہوگئی۔ اگرچہ اُسے زخمی حالت میں قریبی ہسپتال منتقل لیجایا گیا، تاہم وہاں موجود ڈاکٹروں کے مطابق اس کی موت واقع ہوچکی تھی۔پولیس نے معاملے کی نسبت کیس زیر نمبر 220/2020 درج کرکے ٹرک ڈرائیور طارق احمد وازہ ولد علی محمد ساکنہ چوہدری باغ گاندربل کو گرفتار کرلیا ہے۔ قانونی لوازمات پورا کرنے کے بعد لاش لواحقین کے سپرد کردی گئی۔ کپوارہ میں مختلف مقامات پر سڑک کے الگ الگ حادثات میں ایک مزدور ہلاک جبکہ کمسن سمیت 4دیگر زخمی ہوگئے ۔اطلاعات کے مطابق پنزگام کرالپورہ میں فوجی کیمپ کے نزدیک ایک ٹپر زیر نمبر JK05.-8696نے ایک راہ چلتے مزدور وسیم احمد میر ولد محمد مقبول میر ساکن منچھتر چوکی بل کو ٹکر مار دی جس سے وہ شدید طورزخمی ہو گئے ۔مقامی لوگو ں نے خون میں لت پت وسیم کو سب ضلع اسپتال کرالہ پورہ پہنچایا جہا ںڈاکٹرو ں نے اُسے ابتدائی علاج کے بعد صورہ میڈیکل انسٹچوٹ ریفر کیا، تاہم وسیم زخمو ں کی تاب نالاکر راستے میں ہی دم تو ڑ بیٹھا ۔کرالہ پورہ پولیس نے معاملہ کی نسبت ایک کیس زیر ایف آئی آر نمبر 95/2020 درج کر کے تحقیقات شروع کر دی ۔اس دوران را ِمحال کے ککروسہ علاقہ میں 3افراد اس وقت زخمی ہوئے جب ایک تیز رفتار گا ڑی نے ایک مو ٹر سائیکل کو ٹکرمار دی جس میں سلمان احمد خان ،اشفاق احمد خان ساکن لیلم رامحال اور امیر الدین ساکن ماگام شدید طور زخمی ہوئے جنہیں فوری طور پرائمری ہیلتھ سینٹر ویلگام میں دا خل کیا گیا جہا ں سے سلمان احمد خان اور امیر الدین کو ضلع اسپتال ہندوارہ منتقل کیا گیا ۔ادھر ادوھی پورہ ہندوارہ میں ایک ایمبولنس گاڑی زیر نمبر JK09A-4279نے ایک راہ چلتی 6سالہ کمسن بچی ادیفا دختر منظور احمد لون ساکن اودھی پورہ کو ٹکر مار کر شدید زخمی کردیا ۔ اُسے علاج و معالجہ کے لئے ضلع اسپتال ہندوارہ میں داخل کیا گیا ۔کپوارہ کے مژھل علاقہ میں حد متارکہ کے نزدیک ایک فوجی مزدور پہاڑی سے گر کر لقمہ اجل بن گیا ۔معلوم ہوا ہے کہ رفیق احمد شاہ ولد محمد عبد اللہ شاہ ساکن رنگ پائین بالا جو 45آر آر کے ساتھ مزدوری کرتا تھا ،گزشتہ شب اُس وقت پہا ڑی سے گر کر لقمہ اجل بن گیا جب وہ فوجی سامان لیکر جارہا تھا کہ اس کا پیر پھسل گیا جس کے نتیجے میں وہ پہاڑی سے گر کر شدید زخمی ہوا۔ مذکورہ پو رٹر کو اگرچہ راتو ں رات سب ضلع اسپتال کپوارہ علاج و معالجہ کے لئے لا یا گیا تاہم وہ زخمو ں کی تاب نہ لا کر راستے میں ہی دم تو ڑ بیٹھا تھا۔ پلوامہ کے اونتی پورہ علاقے میں ہفتے کے روز ایک فوجی گاڑی کو حادثہ پیش آیا جس میں دو فوجی جوانوں کے زخمی ہونے کی اطلاع ہے۔ذرائع نے بتایا کہ اونتی پورہ کے ڈانگر پورہ علاقے میں ہفتے کو ایک فوجی گاڑی سڑک سے لڑھک کر کھیت میں جا گری جس کے نتیجے میں دو فوجی اہلکار زخمی ہوئے۔انہوں نے کہا کہ زخمی فوجی جوانوں کو علاج و معالجے کے لئے ہسپتال منتقل کیا گیا۔ذرائع کے مطابق فوجی گاڑی کو بھی کافی نقصان پہنچا ہے۔ (مشمولات یواین آئی)