متری گام پلوامہ انکاؤنٹر| ملی ٹینٹ ہلاک، فوجی زخمی، جھڑپ جاری

سید اعجاز
پلوامہ//جنوبی کشمیر میں پلوامہ ضلع کے متری گام گائوں میں بدھ کی سہ پہر مسلح تصادم شروع ہوا جس میں ایک نامعلوم ملی ٹینٹ جاں بحق ہوا۔ پولیس نے بتایا کہ شہریوں کے انخلاء کی وجہ سے آپریشن روک دیا گیا ہے۔ پولیس نے کہا کہ ایک عسکریت پسند مارا گیا ہے کیونکہ لاش انکاؤنٹر کے مقام کے قریب پڑی ہوئی ہے۔ تاہم ابھی تک شناخت کا پتہ نہیں چل سکا ہے کیونکہ علاقے میں فائرنگ کا تبادلہ جاری ہے۔ قبل ازیں آئی جی پی کشمیر کا حوالہ دیتے ہوئے کشمیر زون پولیس نے ٹویٹ کیا، “جیش محمد تنظیم کے غیر ملکی جنگجو سمیت 2یا3 جنگجو محاصرے میں پھنسے ہوئے ہیں۔ عام شہریوں کو نکالنے کے لیے آپریشن روک دیا گیا ہے۔ گولیوں کے تبادلے میں ایک فوجی اہلکار زخمی ہوا ہے۔ پولیس نے بتایا کہ متری گام میں گرڈ اسٹیشن کے نزدیکی کالونی میں ملی ٹینٹوں کی موجودگی کے بعد فوج اور سی آر پی ایف کی خدمات حاصل کی گئیں اور آپریشن شام سے قبل شروع کیا گیا۔انہوں نے بتایا کہ پولیس اور فوج کی مشترکہ ٹیم نے علاقے کو گھیرے میں لے کر تلاشی آپریشن شروع کیا اور جب مشترکہ ٹیم نے مشتبہ مقام کی طرف پیش قدمی کی تو چھپے ہوئے عسکریت پسندوں نے مشترکہ ٹیم پر فائرنگ کی جس کے جواب میں فائرنگ شروع ہو گئی۔فائرنگ کے تبادلہ میں ایک فوجی زخمی ہوا جسے فوری طور پر سرینگر منتقل کردیا گیا۔رات 11بجے تک گائوں میں شدید فائرنگ اور زوردار دھماکوں کی آوازیں آرہی تھیں۔ پولیس نے بتایا کہ ملی ٹینٹ ایک رہائشی مکان میں موجود ہیں اور آس پاس لوگ بھی مکانوں میں مقیم ہیں جنہیں باہر نکالا جارہا ہے۔