سرینگر//وسطی کشمیر کے ضلع بڈگام کے موچھوا علاقے میں البدر تنظیم سے وابستہ ایک جنگجو سیکورٹی فورسز کے ساتھ فائرنگ کے تبادلے میں مارا گیا جبکہ لشکر طیبہ کا دوسرا جنگجو ،جو کہ فرار ہو گیا تھا ، کو ایک ٹرک ڈرائیور کے ساتھ ضلع پلوامہ کے کھریو پامپور علاقے میں گرفتار کیا گیا۔
پولیس کے ایک بیان میں جاں بحق البدر جنگجو کی شناخت شاکر بشیر ڈار ولد بشیر احمد ڈار کے طور پر کی گئی ہے جو کہ ضلع پلوامہ کے گوری پورہ ، اونتی پورہ کا رہائشی تھا جبکہ گرفتار ہونے والے لشکر طیبہ کے جنگجو کی شناخت شبیر احمد نجار ساکن ووین کھریو کے طور کی گئی ۔
یاد رہے کہ آج صبح سرینگر کے مضافات میں باغ مہتاب علاقے کے نزدیک واقع ماچھوا، جو بڈگام ضلع میں شامل ہے، فورسز نے ایک جنگجو کو آپریشن کے دوران جاں بحق کیا۔اس دوران دوسرا جنگجو فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا جسے ایک ٹرک سے کھریو علاقے سے گرفتار کیا گیا۔ پولیس کے مطابق دونوں کے قبضے سے ہتھیار اور گولہ بارود بر آمد کیا گیا ہے۔
پولیس نے یہ بھی بتایا کہ ٹرک ڈرائیورمحمد شفیع ڈار ساکن گریٹہ ونی محلہ کھریو کو بھی گرفتار کیا گیا ہے اور اس کی ٹرک ضبط کی گئی ہے۔