نئی دہلی//یو این آئی// ایوان زیریں لوک سبھا میں اپوزیشن ارکان کی ہنگامہ آرائی اور نعرے بازی کی وجہ سے کل بھی وقفہ سوالات مکمل نہیں ہوسکااوراپوزیشن کے ہنگامے کے درمیان سات منٹ میں دو اہم بل منظور کیے گئے اور اس کے بعد کارروائی پیر تک کے لئیے ملتوی کردی گئی۔ایوان نے ٹیکسیشن قانون (ترمیمی) بل 2021 اور مرکزی یونیورسٹیز (ترمیمی) بل 2021 کو اپوزیشن کے ہنگامے کے درمیان منظور کیا۔ایک بار ملتوی ہونے کے بعد جیسے ہی ایوان کی کارروائی دوپہر 12 بجے شروع ہوئی پریذائیڈنگ آفیسر راجندر اگروال نے کہا کہ مختلف جماعتوں نے تحریک التوا پیش کی ہیں ، جنہیں اسپیکر نے مسترد کردیا ہے ۔اُدھرنئی دہلی//ایوان بالا راجیہ سبھا میں اپوزیشن جماعتوں کے ارکان کی پیگاسس جاسوسی کیس اور کسانوں کی تحریک پر ایوان بالا راجیہ سبھا میں شوروغل ہنگامہ آرائی کی وجہ سے وقفہ صفر اور سوالات نہیں ہو سکے ۔ پیر کی صبح 11 بجے تک کیلئے ایوان کی کارروائی ملتوی کردی گئی۔جیسے ہی ڈپٹی چیئرمین ہری ونش نے صبح 11 بجے وقفہ صفر کا اعلان کیا ، کانگریس اور ترنمول کانگریس کے ارکان ایوان کے وسط میں آئے اور نعرے لگانے لگے ۔ ترنمول کے ارکان ہاتھوں میں پلے کارڈز تھامے ہوئے تھے ۔بائیں بازو کی جماعتیں ، شرومنی اکالی دل ، راشٹریہ جنتا دل اور شیو سینا کے ارکان اپنی نشستوں کے قریب کھڑے تھے ۔ ڈپٹی چیئر مین ہری ونش نے کہا کہ آج کسانوں کی تحریک اور پیگاسس کے مسئلہ کے حوالے سے ضابطہ 267 کے تحت نو نوٹس دیئے گئے ہیں۔ ۔ہنگامہ آرائی اور شوروغوغا کے دوران وقفہ صفر شروع کرنے کی کوشش کی گئی لیکن تیز شور کی وجہ سے کچھ واضح طور پر سنائی نہیں دے رہا تھا۔ ایوان کی کارروائی دوپہر 12 بجے تک ملتوی کردی گئی کیونکہ ارکان کی ہنگامہ آرائی جاری تھی۔؎