جموں// خزانہ اور محنت و روز گار کے وزیر ڈاکٹر حسیب اے درابو نے فائنانشل کارپوریشنوں کے مینڈیٹ کو ریڈیفائن کرنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ انہیں ریاست میں موجودہ زمانے کے تقاضوں کے عین مطابق چلانے کے لئے ری آرگنائیز کیا جائے گا۔ ان باتوں کا اظہار وزیر خزانہ نے جے کے ایس ایف سی اور جے کے ایس سی بی کے نمائندوں کی میٹنگ کی صدارت کرتے ہوئے کیا تا کہ پبلک سیکٹر انڈر ٹیکنگز کی کارکردگی کا جائیزہ لیا جاسکے۔ پرنسپل سیکرٹری خزانہ نوین کمار چودھری کے علاوہ دیگر متعلقہ افسران بھی اس موقعہ پر موجود تھے۔ میٹنگ کے دوران وزیر کو ان کارپوریشنوں کی کارکردگی اور حصولیابیوں کے بارے میں تفصیلات پیش کی گئیں۔میٹنگ میں کارپوریشنوں سے وابستہ مسائل پر غور وخوض کیا گیا۔ کارپوریشنوں کے سربراہاں سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر درابو نے کہا کہ ان کارپوریشنوں کے معاملات پرغور کرنے کی اشد ضرورت ہے تا کہ یہ کارپوریشنیں ریاستی کاریگروں ، زراعت سے وابستہ لوگوں اور دیگر کامگاروں کے لئے مالی معاونت کرنے والے ادارے ثابت ہوسکیں۔