مالدیپ/ مالدیپ اس وقت 1200 جزائر کا ملک ہے جس میں دنیا بھر کے سیاح آتے ہیں۔ پوری دنیا میں کووڈ 19کی وبا کے تناظر میں یہاں لوگوں کی آمدورفت کا سلسلہ جاری ہے اور اب آپ ایک پورا جزیرہ بھی کرائے پر لے سکتے ہیں۔ لیکن اس میں ایک رات ٹھہرنے کا معاوضہ 80ہزار ڈالر (سوا کروڑ روپے) ہے۔ اس جزیرے کو ’اتہافوشی‘ یعنی ذاتی جزیرے کا نام دیا گیا ہے جسے والڈروف ایسٹوریا مالدیپ نامی کمپنی نےخریدا ہے اور یہ ذاتی ملکیت میں مالدیپ کا سب سے بڑا جزیرہ ہے۔ اس کا رقبہ 32000 مربع میٹر ہے اور یہاں تین عمارتوں میں زیادہ سے زیادہ 24 افراد ٹھہر سکتے ہیں۔ عمارت کے اندراورباہر غسل کی سہولت ہے ، سوئمنگ پول ہے اور ساحل کے قریب تین خوابگاہوں کا ایک بنگلہ بھی قائم ہے۔ اس طرح ہرعمارت کو ایک بہت جدید انداز میں تعمیر کیا گیا ہے۔ یہاں موجود عملہ مہمانوں کی ہرطرح سے خدمت کرتا ہے۔ ایئرپورٹ سے 40 منٹ کشتی میں سفر کرکے یہاں آسانی سے پہنچا جاسکتا ہے۔ جبکہ 15 منٹ تک چھوٹے ہوائی جہاز سے تمام جزائر کا فضائی جائزہ بھی لیا جاسکتا ہے۔جزیرے پر مستند باورچیوں کی ایک ٹیم موجود ہے جو آپ کے مشورے سے روزانہ کھانا تیار کرتی ہے۔ اس کےعلاوہ واٹراسپورٹس، کشتی رانی، پارلر اور جِم بھی موجود ہے۔مالدیپ نے بین الاقوامی سیاحوں کی آمد کی اجازت دیدی ہے تاہم انہیں کچھ عرصے قرنطینہ میں رہنا ہوتا ہے۔