سرینگر //کشمیری نوجوانوں کو ان کی صلاحیتوں کے مطابق پلیٹ فارم مہیا کرنے کی خاطر ماسٹر اسٹروک انٹرنیشنل کی ویب سائٹ اور یوٹیوب چینل کو کل سرینگر میں لانچ کیا گیا ۔ ٹیگور ہال سرینگر میںایک تقریب کے دوران ماسٹرسٹروک انٹرنیشنل کے لوگو کی نقاب کشائی کی گئی۔ اس دوران ماسٹر اسٹروک انٹرنیشنل کی ویب سائٹ اور یوٹیوب چینل بھی لانچ کیا گیا ۔تقریب پر ERAکے چیف ایگزیکٹیو آفسر ڈاکٹر سید عابد رشید شاہ مہمان خصوصی تھے جبکہ آل انڈیا ریڈیو سرینگر کے سابق اسٹیشن ڈائریکٹر سید ہمایوں قیصر مہمان ذی وقارتھے۔تقریب میں ان فنکاروں نے بھی شرکت کی جنہوں نے ماسٹر اسٹروک انٹرنیشنل کے ڈرامہ سیریز ، آن لائن تھیٹر ، میوزک ویڈیو اور دیگر پروگراموں میں حصہ لیا ہے۔پروگرام کے دوران بتایا گیا کہ ہم اپنے ناظرین کو معاصر پرفارمنگ آرٹ کی معیاری پروڈکشن کی ایک وسیع رینج فراہم کرنے کی کوشش کے ساتھ ساتھ کشمیر کے لوک اور روایتی فنون کے تحفظ اور اس کی ترویج کی ذمہ داری لیتے ہیں جس میں لوک تھیٹر (بانڈہ پاتھر) ، لوک میوزک ، فوک ڈانس ، صوفیانہ موسیقی وغیرہ شامل ہیں، کا خیال رکھا جائے گا۔ مقررین نے کہا کہ اس ذریعہ ہم کشمیری نوجوانوں کو ان کی صلاحیتوں کیلئے حقیقی پلیٹ فارم مہیا کریں گے اور اس مقصدکیلئے پوری وادی میں ٹیلنٹ ہنٹ شوز کا انعقاد کیا جائے گا۔