ماردھاڑ فورسز کا مشغلہ بن چکا ہے:صحرائی

سرینگر//تحریک حریت چیئرمین محمد اشرف صحرائی نے پلوامہ میں جاں بحق ہوئے جنگجوئوں اور عام شہری کو خراج عقیدت اورپٹن کے زخمی ہوئے جوان کی ہلاکت واقع ہونے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بھارتی حکمرانوں نے جموں کشمیر کی سر زمین کو معصوم اور بے گناہوں کے لہو سے لالہ زار بنایا ہے۔انہوںنے کہا کہ جموں کشمیر کے لوگوں کا خون بہانے کی ذمہ داری حکمرانوں پر عائد ہوتی ہے ، کیونکہ بھارتی حکمرانوں کی طرف سے بار بار کے یہ اعلانات کہ فورسز کو کھلی چھوٹ دی گئی ہے ،کا ہی نتیجہ ہے کہ فورسز نے نہتے اور معصوم عوام کے خلاف کھلی جنگ چھیڑ دی ہے اور ریاستی عوام کو ظلم و جبر تشدد اور مار دھاڑ کا نشانہ بنانا اب فورسز کا مشغلہ بن چکا ہے ۔صحرائی نے کہا کہ  رمضان کا مقدس مہینہ عبادات ،اخوت،ایثار کے ساتھ ساتھ جسمانی اور روحانی ریاضت کا مہینہ ہے اور اس مقدس مہینے میں انسان اللہ تعالیٰ کی عبادت میں مشغول رہتا ہے،مگر اس مقدس مہینے میں بھی فورسز بلا ناغہ بستیوں کو محاصرہ میں لے کر گھر گھر کی تلاشی لیتے ہیں ، چھاپے ڈالتے ہیں اور توڑ پھوڑ کرنے کے ساتھ ساتھ شبانہ چھاپے ڈال کر نوجوانوں کو گرفتار کرکے ساتھ ساتھ چادر اور چار دیواری کا تقدس بھی پامال کرتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ ان قربانیوں کو کسی بھی صورت میںرائیگاں نہیں ہونے دیا جائے گا ۔