جموں//محکمہ صحت نے کٹرہ میں شری ماتا ویشنو دیوی یونیورسٹی، ککریال میں جارحانہ نمونے لینے کے دوسرے دن 19 کووڈ مثبت طلباء کا پتہ لگایا ہے۔مزید معاملات کا پتہ لگانے کے بعد ضلع انتظامیہ ریاسی نے کووڈ 19 کے معاملات میں اضافے کے پیش نظر یونیورسٹی کو بند کرنے کا حکم دیا ہے۔عہدیداروں نے بتایا کہ کل 13 مثبت معاملات کا پتہ چلا اور آج 6 کا کووڈ 19 مثبت پایا گیا یعنی کیمپس میں ابتک کل 19طلباء کورونا میں مبتلا پائے گئے۔چیف میڈیکل آفیسر ریاسی راجیو شرما نے کہا ’’ہم نے کیمپس میں 306 طلبہ کے نمونے لیے اور ان میں سے چھ کا کووڈ 19 مثبت آیا ہے‘‘۔ انہوں نے ہمیں بتایا کہ نمونے لینے کا عمل کل بھی جاری رہے گا۔کووڈ 19 مثبت طلباء کو الگ تھلگ کردیا گیا ہے اور اسی کے مطابق ان کا علاج شروع کردیا گیا ہے۔دریں اثنا، ریاسی کے ضلع مجسٹریٹ چرندیپ سنگھ نے اگلے حکم تک یونیورسٹی کو بند رکھنے کا حکم دیا ہے۔اس ضمن میں جاری کئے گئے حکم نامہ میں کہاگیا ہے’’"چیف میڈیکل آفیسر ریاسی نے مطلع کیا ہے کہ 31 دسمبر 2021 اور یکم جنوری 2022 کوشری ماتا ویشنو دیوی یونیورسٹی ککریال (کٹرہ) کیمپس میں منعقدہ کووڈ جانچ کے دوران کل 13 طلباء کو کووڈ 19 مثبت پایاگیاہے ‘‘۔حکم میں کہا گیا ہے "اس حکم کی کسی بھی خلاف ورزی پر تعزیرات ہند کی دفعہ 188 اور وبائی امراض ایکٹ1897 اور ڈیزاسٹر مینجمنٹ ایکٹ 2005 کے دیگر متعلقہ سیکشنز کے تحت تعزیری کارروائی ہو گی"۔حکم نامہ میں مزید کہا گیا کہ اس لیے اس بیماری کے مزید پھیلاؤ کو روکنے کے لیے یونیورسٹی کو بند کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔حکم نامے میں مزید کہا گیا ہے کہ ’’بیماری کے پھیلاؤ کو روکنے اور طلبہ اور عام لوگوں کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے یونیورسٹی کو بند کرنا مناسب سمجھا گیا ہے۔‘‘