غلام نبی رینہ
کنگن//حالیہ برف باری کے بعد سیاحوں کی آمد سے سیاحتی مقام سونمرگ کی رونق دوبالا ہوگئی ہے اوربرف باری سے قبل مایوس سیاحتی متعلقین کے چہرے کھل اُٹھے ہیں۔سونمرگ میں ان دنوں ملکی اور غیرملکی سیاحوں کی کافی تعداد موجود ہے اورروزانہ سیاحوں سے بھری گاڑیاں سونمرگ پہنچ جاتی ہیں۔سیاحوں کی آمد سے نہ صرف ہوٹل مالکان،ٹرانسپورٹرس اورکشمیرآرٹ سے وابستہ تاجرخوش ہیں بلکہ مرکبان اور دیگرسیاحتی شعبے سے وابستہ افرادبھی پرجوش ہیں۔اگرچہ سونمرگ کوتین برس قبل تک ماہ نومبر کی15تاریخ سے آمدورفت کیلئے بندکیاجاتاتھااورسیاح موسم سرما میں یہاں نہیں آسکتے تھے بلکہ سونمرگ سے پہلے ہی 11کلومیٹرگگن گیر مقام تک ہی جاپاتے تھے۔تاہم مرکزی سرکاری نے سال2015میں سونمرگ کوپورے سال کھلا رکھنے کیلئے شتکڑی کے مقام پر6.5کلومیٹرلمبی ٹنل،زیڈموڈ کی تعمیر کا کام شروع کیاکیوں کہ اسی علاقہ میں موسم سرما میں برفانی تودے گر آتے ہیں اوراسی وجہ سے سونمرگ سڑک کو موسم سرما میں بندکیاجاتاتھا ۔زیڈموڈ ٹنل کی تعمیر کاکام اب آخری مرحلے میں ہے لیکن گزشتہ تین بر س سے موسم سرما میں بھی سونمرگ سڑک کوٹریفک کو کھلارکھا جاتا ہے اور آج کل گاڑیاں گاڑیاں سڑک سے ہی براہ راست سونمرگ پہنچ جاتی ہیں۔برف باری کی صورت میں سیاحوں کی گاڑیاں گگن گیر تک ہی جاتی ہیں اور وہاں سے آگے سیاح مقامی سومو یافوربائی فورگاڑیوں میں سوار ہوتے ہیں جن کے ٹائروں میں آہنی زنجیریں لگی ہوتی ہیں اور سونمرگ جاتے ہیں۔