جموں//لیفٹنیٹ گورنر گریش چندر مرمو نے مختلف عقیدوں سے تعلق رکھنے والے مذہبی رہنماؤں کے ساتھ سنیچر کو ایک ویڈیو کانفرنس کی جس دوران انہوں نے ان رہنماؤں سے اپیل کی کہ وہ لوگوں کو کورونا وائرس کے بارے میں جانکاری دیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت عوام کے عملی تعاون سے کورونا وائرس کے خلاف موثر طور لڑائی لڑ سکتی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ لوگوں کو جانکاری فراہم کرنے میں مذہبی رہنماؤں کا اہم رول بنتا ہے ۔ انہوں نے مذہبی رہنماؤں سے کہا کہ وہ اس مقصد کیلئے دستیاب وسائل خصوصاً سماجی ، پرنٹ اور الیکٹرانک میڈیا کا استعمال کریں ۔ لفٹینٹ گورنر نے مذہبی لیڈروں سے کہا کہ وہ لوگوں سے اپیل کریں کہ اگر انہوں نے کسی بھی مذہبی اجتماع میں شرکت کی ہے تو اپنی سفری تفصیلات حکام کے سامنے ظاہر کریں ۔ لفٹینٹ گورنر نے کہا کہ تمام سطحوں پر کوارڈینیشن کمیٹیاں قائم کی گئی ہیں ۔ مذہبی رہنماؤں نے جموں کشمیر میں کووڈ کے خاتمے کیلئے اپنی جانب سے مکمل تعاون کا یقین دلایا ۔ انہوں نے کہا کہ تمام مذہبی مقامات کو فی الحال بند کیا گیا ہے اور کہیں پر بھی کوئی اجتماع نہیں ہوتا ہے ۔