ریاض ملک
سرینگر//جموں وکشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا کی جانب سے یوٹی قانون ساز اسمبلی سے خطاب کو چار روز گزرجانے کے باوجود بھی اُن کے خطاب پر بحث شروع نہ ہوسکی جبکہ اب اس سیشن کا محض ایک دن بچا ہے۔خیال رہے کہ 4نومبر کو لیفٹیننٹ گورنر نے اسمبلی سے خطا ب کیا تھا جبکہ پانچ نومبر کو تعزیتی ریفرنس پیش ہونے کے بعد 6نومبر کو ہنگامہ آرائی کے بیچ ہی نیشنل کانفرنس کے رکن اسمبلی بارہمولہ جاوید حسن بیگ نے لیفٹیننٹ گورنر کے خطبہ پر شکریہ کی تحریک پیش کی جبکہ تھنہ منڈی سے نیشنل کانفرنس کے حامی آزاد ادمیدوارمظفر اقبال خان نے اس کی تائید کی تھی تاہم بحث شروع نہیں ہوپائی تھی ۔جمعرات کو بھی اسمبلی کے بزنس میں لیفٹیننٹ گورنر کے خطاب پر پیش کی گئی شکرانے کی تحریک پر بحث رکھی گئی تھی تاہم ایوان کی کارروائی شروع ہونے سے ختم ہونے تک کسی بھی لمحہ بحث شروع نہیں ہوپائی اور یوں اب یہ بحث آخری روز کیلئے رہ گئی ہے جو کل یعنی8نومبر ہے ۔