نیوز ڈیسک
سرینگر//لیفٹیننٹ گورنر منوج سِنہا نے بدھ کو جہلم راجباغ ریور فرنٹ کا دورہ کیا اور لوگوں کے ساتھ چند یا د گار لمحات گزارے۔لیفٹیننٹ گورنر نے ریور فرنٹ پر کاموں کے بارے میں دریافت کیا اور سی اِی او سری نگر سمارٹ سٹی کوہدایت دی کہ وہ طلباء کے لئے لائبریری اور ریڈنگ روم جیسی وِزٹنگ روم اور دیگر سہولیات قائم کریں۔لیفٹیننٹ گورنر نے سری نگر سمارٹ سٹی لمیٹڈ کے متحرک ماحول اور قابل ستائش کام کی سراہنا کی۔
اُنہوں نے کہا،’’ آنے والے دنوں میں جہلم ریور فرنٹ زیادہ سے زیادہ سیاحوں کو راغب کرے گا اور شہریوں کے لئے اعلیٰ معیارِ زندگی فراہم کرے گا۔‘‘لیفٹیننٹ گورنر نے اَفسران سے یہ بھی کہا کہ شہر کو بحال کرنے اور لوگوں کے لئے بنیادی ڈھانچے کو بہتر بنانے کے لئے اِجتماعی کوشش ہونی چاہئے۔اُنہوں نے کہا ،’’ ہمارا بنیادی مقصد شہر کی تاریخی شان کو بحال کرنا، تمام شہریوں کے لئے معیارِ زندگی کو بہتر بنانے اور بہتر شہری خدمات فراہم کرنے کے لئے بنیادی ڈھانچہ بنانا ہے۔‘‘ایس ایم سی کمشنر اور سی اِی او سری نگر سمارٹ سٹی اطہر عامر خان نے لیفٹیننٹ گورنر کو جہلم ریور فرنٹ کی ترقی کے کاموں کے بارے میں جانکاری دی۔
یہ بات قابل ذِکر ہے کہ سری نگر سمارٹ سٹی کے تحت جہلم راجباغ ریور فرنٹ سٹریچ کو ایک عالمی معیار کی عوامی جگہ میں تبدیل کیا گیا ہے جس میں واک ویز ، سائیکلنگ ، گرین سپیس ، مفت وائی فائی ، یونیورسل رَسائی اور متعدد سرگرمیاں اور سہولیات موجود ہیں۔ ریور فرنٹ پر دیگر فن پاروں کے ساتھ ہیش ٹیگ آرٹ بھی نصب کیا گیا ہے۔ لیفٹیننٹ گورنر کے ہمراہ صوبائی کمشنر کشمیر وِجے کمار بدھوری اور دیگر سینئر اَفسران بھی تھے۔