نئی دہلی//اترپردیش کی راجدھانی لکھنو میں ایپل کمپنی کے سیلس مینیجر وویک تیواری کو گولی مارنے کے معاملے پردہلی کے وزیراعلیٰ اروند کیجریوال نے بی جے پی پرحملہ بولا ہے۔ ایک ٹوئٹ کرکے کیجریوال نے بی جے پی سے پوچھا کہ وویک تیواری توہندو تھا، پھراسے کیوں مارا گیا؟ اس واقعہ کے بعد یوپی پولیس کی ہرجگہ فضیحت ہورہی ہے۔لکھنو شوٹ آوٹ کولے کردہلی کے وزیراعلیٰ اروند کیجریوال نے اتوارکی صبح دو ٹوئٹ کئے۔ انہوں نے لکھا کہ اپنی آنکھوں سے پردہ اٹھائیے، بی جے پی ہندووں کی خیرخواہ نہیں ہے۔ اقتدارپانے کے لئے اگرانہیں سارے ہندووں کا قتل کرنا پڑے، تویہ دومنٹ نہیں سوچیں گے۔لکھنوشوٹ آوٹ: کیجریوال کا بی جے پی سے سوالحالانکہ اب کیجریوال کے ٹوئٹ کے بعد ٹوئٹروارشروع ہوگیا ہے۔ کپل مشرا نے دوبارہ ٹوئٹ کرتے ہوئے کہا "آپ مودی اور بی جے پی کی مخالفت میں پاگل ہوچکے ہیں۔ علاج کروائیے"۔وہیں دہلی بی جے پی کے صدرمنوج تیواری نے اسے اروند کیجریوال کی گندی سوچ قرار دیا۔ تیواری نے ٹوئٹ کیا "آپ کارکنان کیجریوال کی گندی سوچ دیکھ لو"۔ دہلی بی جے پی صدر نے کہا کہ وویک تیواری کا قتل ہوا ہے، قصورواروں کو سزا ملے گی، ہم اس کے اہل خانہ کے ساتھ کھڑے ہیں۔ایپل کے سیلس منیجر وویک تیواری کی آخری رسوم ادائیگی آج صبح کی گئی ہے۔ اس دوران بھینسا کنڈ پہنچ کریوگی حکومت میں وزیرقانون برجیش پاٹھک اورآشوتوش ٹنڈن نے ہلاک ہونے والے وویک تیواری کے اہل خانہ سے ملاقات کی۔
مودی یوگی حکومت میں انسانی جانوں کی کوئی قیمت نہیں :کانگریس
نئی دہلی//دہلی کانگریس کے سکریٹری اور سپریم کورٹ کے وکیل سرفراز احمد صدیقی نے پورے ملک میں بدامنی، پولیس مظالم کو بڑھاوا دینے اور اترپردیش کو فرضی انکاؤنٹر کے طور پر شناخت دینے کا مودی اور یوگی پر الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں انسانی جانوں کی قیمت ارزاں ہوگئی ہے ۔ انہوں نے حالیہ فرضی انکاؤنٹر میں اپیل کے ایر یا منیجر ویویک تیواری کے قتل کی مذمت کرتے ہوئے اور ان کے پسماندگان سے اظہار ہمدردی کرتے ہوئے کہاکہ اترپردیش میں جب سے یوگی حکومت آئی ہے انسانوں کی کوئی قیمت نہیں رہ گئی ہے اور پولیس انکاؤنٹر میں ایک ہزار سے زائد افراد کا قتل کیا جاچکا ہے ۔ انہوں نے کہاکہ نہ ہی ہندوستانی قانون اور نہ ہی دنیا کا کوئی قانون ماورائے عدالت قتل کی اجازت دیتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ جس طرح ویویک کو کار نہ روکنے پر گولی مار دی گئی، اس سے اندازہ ہوتا ہے کہ اترپردیش پولیس کو قانون کا کوئی خوف نہیں ہے اور وہ ماورائے عدالت انصاف کرنے میں یقین رکھتی ہے ۔ انہوں نے یوگی حکومت پر ایسے پولیس والوں کی حوصلہ افزائی کا الزام عائد کرتے ہوئے کہاکہ یوگی حکومت نے انکاؤنٹر کرنے والوں کو اب تک کوئی کارروائی نہیں کی اور شروع سے ہی اس پر سوال اٹھتے رہے ہیں۔ کیوں کہ انتی بڑی تعداد میں انکاؤنٹر حکومت کی پشت پناہی کے بغیر ممکن نہیں ہے ۔