لکڑی کے کھمبوں سے ترسیلی لائنیں گزارنا لٹکتی تلوار

گاندربل//ارشاد احمد//ابوبکر کالونی کنجی پورہ بٹہ وینہ میں لکڑی کے کھمبوں سے ترسیلی لائنیں گزارنا لوگوں کی زندگیوں سے کھلواڑ کرنے کے مترادف ہے۔ لوگوںنے ترسیلی لائنوں کو اصل کھمبوں سے گزارنے کی مانگ کی ہے۔ ابوبکر کالونی کنجی پورہ کے لوگوں کاکہنا ہے کہ علاقہ میں رہائش پذیر آبادی کو بجلی لکڑی کے کھمبوں کے ذریعہ فراہم کی جارہی ہے جو کہ خطرناک صورتحال اور جان لیوا ثابت ہو سکتا ہے۔ لوگوںکاکہنا ہے کہ مستقل کھمبے نہ ہونے کی وجہ سے صارفین کو گوناگوں مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے اور ترسیلی لائنیں گرنے کا احتمال ہے جس سے خدانخواستہ جان لیوا حادثہ ہونے کے خدشات ہیں۔ لوگوںنے الزام عائد کیاکہ متعلقہ محکمہ کو اس حساس اور عوامی اہمیت کے حامل معاملے کی جانب توجہ مبذول کی گئی لیکن تاایں دم کوئی کارروائی نہیں کی گئی۔ لوگوںنے ڈسٹرکٹ ڈیولپمنٹ کونسل واکورہ سے مطالبہ کیا کہ عارضی بجلی کھمبوں اور بوسیدہ ترسیلی لائنوں کو تبدیل کیا جائے ۔