’لڑکی ہوں، لڑسکتی ہوں‘ | لکھنو میں پرینکا گاندھی کا مارچ

نئی دہلی // عالمی یوم خواتین کی مناسبت سے کانگریس جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی نے کل لکھنو میں ’لڑکی ہوں لڑسکتی ہوں‘ مارچ کی قیادت کر تے ہوئے خواتین کی بااختیاری کا پیغام دیا۔ ریاستی راجدھانی کے 1090 چوراہے سے شروع ہونے والے مارچ میں ہزاروں خواتین نے خصوصی طور سے شرکت کی۔پرینکا گاندھی کی قیادت میں ہزاروں خواتین نے جوش و خروش کے ساتھ پیدل مارچ کیا۔ یہ قافلہ تقریباً ایک کلومیٹر لمبا تھا۔ اپنے جانے پہچانے انداز میں کانگریس کی جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی نے کئی مرتبہ حفاظتی حصار سے باہر نکل کر خواتین کے بیچ پہنچ گئیں۔ شرکاء  اپنے ہاتھوں میں پلے کارڈ لئے ہوئے تھے جن پر ’لڑکی ہو، لڑسکتی ہوں‘ نعرے لکھے ہوئے تھے۔ پورے مارچ کے دوران وقت وقت پر لڑکی ہوں لڑ سکتی ہوں کے نعرے لگتے رہے۔اتر پردیش اسمبلی انتخابات میں پارٹی کی تمام 159خاتون امیدواروں سمیت دیگر خاتون نمائندوں کو اس مارچ میں خصوصی طور سے مدعوی کیا گیا تھا۔ اس موقع پر کانگریس کے ریاستی صدر اجے کمار للو سمیت اعلیٰ قائدین موجود رہے۔