عظمیٰ نیوز ڈیسک
نرمدا (گجرات) //وزیر اعظم نریندر مودی نے جمعرات کو کہا کہ جموں و کشمیر کے لوگوں نے علیحدگی پسندی اور دہشت گردی کو مسترد کر دیا ہے، جس سے ہندوستان کے آئین اور جمہوریت کی فتح ہوئی ہے۔گجرات کے کیواڈیا میں قومی یوم اتحاد کی پریڈ سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم مودی نے کہا، ”جموں و کشمیر کے لوگوں نے علیحدگی پسندی اور دہشت گردی کے پرانے ایجنڈے کو مسترد کر دیا ہے، انہوں نے ہندوستان کے آئین، ہندوستان کی جمہوریت کو فتح مند بنایا ہے، انہوں نے اپنے ووٹوں سے 70 سال سے جاری پروپیگنڈے کا خاتمہ کر دیا ہے،آج قومی یکجہتی کے دن پر میں جموں و کشمیر کے لوگوں کو سلام پیش کرتا ہوں‘‘۔انہوں نے مزید کہا کہ دہشت گردوں کے آقا اب سمجھ گئے ہیں کہ بھارت کو نقصان پہنچانے کے نتائج برآمد نہیں ہوں گے، کیونکہ بھارت انہیں نہیں بخشے گا۔انہوں نے کہا”گزشتہ دس سالوں میں، ہندوستان نے ایسے بہت سے مسائل حل کئے ہیں، جو قومی اتحاد کے لیے خطرہ تھے۔ دہشت گردوں کے آقا اب جان چکے ہیں کہ بھارت کو نقصان پہنچانے سے کوئی نتیجہ نہیں نکلے گا، کیونکہ بھارت انہیں نہیں بخشے گا‘‘۔انہوں نے اپوزیشن پر تنقید کرتے ہوئے دعوی کیا کہ 70 سالوں سے بابا صاحب امبیڈکر کے آئین کو پوری طرح نافذ نہیں کیا گیا اور آئین کا نام لینے والوں پر اس کی توہین کرنے کا الزام لگایا۔انہوں نے اس ناکامی کا ذمہ دار جموں و کشمیر میں “آرٹیکل 370 کی دیوار” کو قرار دیتے ہوئے کہا کہ “آرٹیکل 370 ہمیشہ کے لیے دفن ہو گیا ہے۔”پی ایم مودی نے کہاآج پورا ملک خوش ہے کہ آزادی کی سات دہائیوں کے بعد ایک ملک اور ایک آئین کی قرارداد پوری ہوئی ہے۔ یہ میرا سب سے بڑا خراج تحسین ہے۔ 70 سال تک بابا صاحب امبیڈکر کے آئین کو پورے ملک میں نافذ نہیں کیا گیا۔ جو لوگ آئین کے نام کا نعرہ لگاتے ہیں، انہوں نے اس کی بہت توہین کی ہے، ۔اس کی وجہ جموں و کشمیر میں آرٹیکل 370 کی دیوار تھی۔ دفعہ 370 کو ہمیشہ کے لیے دفن کر دیا گیا ہے۔ اس اسمبلی الیکشن میں پہلی بار بلا تفریق ووٹنگ ہوئی، پہلی بار اس جگہ کے وزیر اعلیٰ نے ہندوستان کے آئین پر حلف لیا ہے۔ اس منظر نے ہندوستانی آئین بنانے والوں کو بے حد اطمینان بخشا ہوگا، ان کی روحوں کو سکون ملا ہوگا ۔ وزیر اعظم نے کہا کہ ہندوستان اپنی سرحدوں پر ایک انچ زمین پر بھی سمجھوتہ نہیں کر سکتا۔ انہوں نے مزید کہا کہ لوگ ملک کے دفاع کے لیے اپنی فوج کی طاقت پر یقین رکھتے ہیں۔مودی نے کہا”آج، بھارت اپنی سرحدوں کے ایک انچ پر بھی سمجھوتہ نہیں کر سکتا۔ اسی لیے ہماری پالیسیاں ہماری مسلح افواج کے عزم سے ہم آہنگ ہیں‘‘ ۔