پونچھ// پارلیمانی انتخابات کے پیش نظر پونچھ ضلع پولیس نے نیم فوجی دستوں کے ساتھ مل کر ضلع کے مختلف علاقوں میں فلیگ مارچ کیا۔فلیگ مارچ گورنمنٹ ڈگری کالج گراؤنڈ پونچھ سے نکل کر ڈونگس، ضلع ہسپتال پونچھ، ناخواں والی سڑک، پریڈ پارک،اعلی پیر ،پرانی پونچھ،بس اڈہ سے ہو کر پولیس لائین کے احاطے میں پرامن طور اختتام پذیر ہوا۔اس حوالے سے بات کرتے ہوئے ایس ایس پی پونچھ یوگل منہاس نے بتایا چونکہ پارلیمانی انتخابات قریب ہیں اور ووٹنگ کو آزادانہ طور منعقد کرنے کے لئے پونچھ میں انتظامیہ اور سکیورٹی فورسز پرامن انتخابات کے لیے میدان تیار کر رہی ہیں۔انہوں نے کہا یہ مارچ نکالنے کا مقصد معاشرے میں تحفظ اور ہم آہنگی کا احساس پیدا کرنا اور آزادانہ منصفانہ اور خوف سے پاک انتخابات کو یقینی بنانا ہے۔انہوں نے بتایا ضلع پونچھ میں آنے والے پارلیمانی انتخابات کے کامیاب اور پرامن انعقاد کے لیے فورسز کو تیار کرنے کے لیےسیکورٹی فورسز باقاعدہ مشقیں کر رہی ہیں۔انہوں نے کہا کہ ضلع پولیس ، سی اے پی ایف، ایس او جی، آئی ٹی بی پی اور دیگر نیم دستوں نے مشترکہ طور پر پونچھ کے مختلف علاقوں میں یہ مشترکہ فلیگ مارچ کیا تاکہ انتخابات کے کامیاب انعقاد کے لیے پرامن ماحول پیدا کیا جا سکے۔