نئی دہلی// لولی پروفیشنل یونیورسٹی جالندھر کی خاتون پہلوا ن سمرن اوفا (روس) میں منعقدہ جونیئر عالمی کشتی چیمپئن شپ میں ہندستان کی نمائندگی کریں گی۔ لولی پروفیشنل یونیورسٹی کی بیٹی نے دہلی میں تاریخ رقم کرتے ہوئے جونیئر عالمی کشتی چیمپئن شپ کے لئے اپنی جگہ یقینی کرلی ہے ۔ لولی پروفیشنل یونیورسٹی کے کشتی کوچ وجے کمار سے تربیت لینے والی بیٹی اب ملک کے نام تمغہ جیت کر اپنے خوابوں کو شرمندہ تعبیر کرنے کی کوشش کرے گی۔ جونیئر عالمی کشتی چیمپئن شپ 16سے 22اگست 2021تک اوفا (روس) میں ہوگی۔ ہندستانی کشتی فیڈریشن کی طرف سے عالمی چیمئپن شپ میں حصہ لینے کے لئے ٹیم انڈیا کا سلیکشن ٹرائل دہلی کے اندرا گاندھی اسٹیڈیم میں آج منعقد کیا گیا تھا جس میں خاتون فری اسٹائل کے 50کلوگرام زمرہ میں لولی پروفیشنل یونیورسٹی جالندھر کی خاتون پہلوا سمرن نے اپنے دونوں مقابلے ہریانہ کی مضبوط حریف انتم اور ہنی کو شکست دی اور اترپردیش کی نشا کو پٹخنی دیتے ہوئے ٹیم انڈیا میں اپنی جگہ یقینی کی۔ ان کی اس جیت پر ایل پی یو کے اسپورٹس ڈائرکٹر ڈاکٹر راج کمار شرما، ایل پی یو کے کشتی کوچ وجے کمار، ارجن انعا م یافتہ کرپاشنکر بشنوئی، دیپک کمار نے انہیں مبارکباد دیتے ہوئے روشن مستقبل کی خواہش کی۔