عازم جان
بانڈی پورہ// ضلع ہسپتال بانڈی پورہ میں لفٹ کی عدم دستیابی کے باعث مریضوں ، تیمارداروں اور ملازمین کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔موجودہ لفٹ بیکار ہونے سے مریضوں بالخصوص حاملہ خواتین ، بزرگوں اور دیگرمریض مشکلات کا شکار ہیں ، جس سے وہ ہسپتال کے مختلف وارڈوں اور تشخیصی لیبارٹریوں تک پہنچنے کیلئے متعدد سیڑھیاں چڑھنا پڑتا ہے۔سب سے زیادہ پریشانی اُن مریضوںکو ہوتی ہے جن کو سرجری کی ضرورت ہوتی ہے ، کیونکہ ہسپتال کا آپریشن تھیٹر چوتھی منزل پر واقع ہے۔ہسپتال میں تعینات ایک ملازم نے بتایا کہ ایک ایسے وقت میں جب شعبہ صحت پورے ملک میں ترقی کررہا ہے ، حیرانگی اس بات کی ہے کہ 2025 میں بانڈی پورہ میں مریضوں کو اس طرح کے مشکلات کا سامنا ہے۔ یہ ہسپتال انتظامیہ کی ناکامی ہے۔ہسپتال کے عملے اور مریضوں نے لفٹ خدمات کو بحال کرنے میں تاخیر پر مایوسی کا اظہار کیا ۔حکام کی طرف سے متعدد یقین دہانیوں کے باوجود اس مسئلے کو حل کرنے کیلئے کوئی ٹھوس اقدام نہیں کیا گیا، جس سے سینکڑوں مریضوں کو ہر دن تکلیف کا سامنا کرنا پڑ تا ہے۔ مقامی آبادی نے ایل جی منوج سنہا ، وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ ، ایم ایل اے بانڈی پورہ اور ڈپٹی کمشنر بانڈ ی پورہ سے اس سلسلے میں مداخلت کی اپیل کی ہے ۔