عظمیٰ نیوزسروس
لیہہ//لداخ میں الیکٹرانکس مینوفیکچرنگ کلسٹر (2.0) سکیم کے نفاذ کی حکمت عملی مرتب کرنے کیلئے انفارمیشن ٹیکنالوجی محکمہ لداخ یوٹی کے انتظامی سیکریٹری امیت شرما کی صدارت میں ایک میٹنگ منعقد ہوئی۔میٹنگ کے دوران الیکٹرانکس مینوفیکچرنگ کلسٹرکی کامیابی کے مختلف پہلوئوں پرتبادلہ خیال کیاگیا۔اس دوران اہم نکات میں الیکٹرانکس مینوفیکچرنگ کلسٹر کے نفاذ کیلئے ذمہ دار ایجنسی کاانتخاب شامل تھا۔ دوسرااہم نکتہ موزوں اراضی معہ لازمی رابط ڈھانچہ کی نشاندہی کرناتھا۔مینوفیکچرنگ کلسٹرکے بلاخلل کام کاج کیلئے سڑک رابطے کی اہمیت کوتسلیم کرتے ہوئے ماہرین نے اپنی سفارشات پیش کیں ۔سیکریٹری امت شرما نے سڈکو کی قیادت میں سپیشل پرپزوہیکل جیسی ایجنسی پرزوردیاتاکہ وہ پروجیکٹ پرعمل آوری کویقینی بنائے۔امت شرما نے کہا کہ الیکٹرانکس مینوفیکچرنگ یونٹ کے قیام سے لداخ میں روزگار کت مواقع پیداہوں گے اور مقامی نوجوانوں کو کاروبار کے مواقع حاصل ہوں گے۔میٹنگ کااختتام الیکٹرانکس مینوفیکچرنگ کلسٹر کیلئے نقش راہ ترتیب دینے کے ساتھ ہوا۔