غلام نبی رینہ+نیوز ڈیسک
کنگن+جموں// لیہہ لداخ کے کھردنگلہ علاقے میں ایک المناک سڑک حادثے میں چار سیاح جاں بحق ہوئے پولیس نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ بترا سے کھردنگلہ کے نزدیک ایک گاڑی پھسلن کی وجہ سے ڈیڑھ سو فٹ گہری کھائی میں جاگری جس کے نتیجے میںاس میں سوار دہلی اور یو پی کے چار سیاح شدید طور پر زخمی ہوگئے جن کو علاج و معالجہ کے لئے لداخ ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں پر وہ زخموں کی تاب نہ لاکر چل بسے۔ ایس ایچ او پولیس سٹیشن نوبرا سٹیزن درجے نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ گذشتہ روز ہوئی ہلکی برفباری کی وجہ سے سڑک پر پھسلن پیدا ہوگئی تھی اور ایک تھار گاڑی زیر نمبر UP21RC/7867، کھردنگلہ کے پاس 150فٹ گہری کھائی میں جاگری۔ اطلاع ملتے ہی پولیس، فوج اور سیول انتظامیہ افسران جائے حادثے کی جگہ پہنچ گئے اور بچاؤ کارروائی شروع کی۔
انہوں نے بتایا کہ چاروں زخمیوں کو لداخ ہسپتال منتقل کیا گیاجہاںوہ سبھی زخموں کی تاب نہ لاکر دم توڑ بیٹھے۔ ایس ایچ او نے بتایا کہ نوبرا پولیس نے حادثے سے متعلق ایک کیس زیر ایف آئی آر نمبر/2022 18 درج کرکے تحقیقات شروع کردی ہے۔سیاحوں کی شناخت محمد فیروز ساکن سلیم پور دہلی، ذیشان احمد ساکن مراد آباد اترپردیش، ریاض احمد ساکن بہرام پور دہلی اوراعظم خان ساکن دہلی کے طور پر ہوئی ہے۔ادھر کٹھوعہ ضلع کے جسروتہ علاقے میں بدھ کے روزاپنے دو بچوں کو ڈوبنے سے بچانے کے دوران والد غرقہ آب ہوا۔پولیس نے بتایا کہ بدھ کے روز کٹھوعہ کے جسروتہ علاقے میں دو کمسن بچے نالہ اوجھ میں نہا رہے تھے کہ اس دوران دونوں ڈوبنے لگے۔انہوں نے بتایا کہ جوں ہی والد کی نظر اپنے بچوں پر پڑی تو اْس نے فوراً دریا میں چھلانگ لگا کر دونوں کو بحفاظت کنارے پر لے آیا تاہم وہ اپنے آپ کو بچا نہ سکا۔ا گر چہ مقامی لوگوں نے فوری طورپر مذکورہ شخص کو ضلع ہسپتال پہنچایا تاہم وہاں پرموجود ڈاکٹروں نے اْسے مردہ قرار دیا۔متوفی کی شناخت شیشپال سنگھ کے بطور ہوئی ہے اور وہ جموں وکشمیر پولیس میں تعینات تھا۔معلوم ہوا ہے کہ شیشپال سنگھ رخصت پر گھر آیا ہوا تھا۔