لداخ خطے کیلئے پورے برس بجلی کی سہولیات

جموں //گورنر کے مشیر کیول کمار شرما نے کئی میٹنگیں منعقد کر کے سرینگر لیہہ ترسیلی لائین وقف کرنے اور دریائے چناب پر 850 ایم ڈبلیو ریٹلی پن بجلی پروجیکٹ کی مجوزہ عمل آوری کے حوالے سے پیش رفت کا جائیزہ لیا ۔ سرینگر لیہہ ترسیلی لائین کو جلد از جلد وقف کرنے کے سلسلے میں پاور گرڈ کارپوریشن آف انڈیا کے افسروں کے ساتھ ایک میٹنگ کے دوران مشیر کو بتایا گیا کہ یہ ترسیلی لائین لیہہ سے شروع ہو کر آلس ٹینگ سرینگر پہنچ جاتی ہے اور اس میں لیہہ، کھلسی ، کرگل اور دراس میں چار سب سٹیشن ہوں گے ۔ انہیں بتایا گیا کہ یہ ترسیلی لائین تمام پہلوؤں سے مکمل ہے اور چارجنگ کیلئے بھی تیار ہے ۔ مزید بتایا گیا کہ یہ لائین آلس ٹینگ سب سٹیشن سے چارج کی جائے گی جو تکمیل کے آخری مرحلے میں ہے اور اس لائین سے لداخ خطے کو نیشنل گرڈ کے ساتھ جوڑنے میں مدد ملے گی اور لداخ خطے کیلئے پورے برس بجلی کی سہولیات دستیاب ہوں گی ۔ دریں اثنا مشیر موصوف نے یہاں ایک میٹنگ کے دوران 850 ایم ڈبلیو ریٹلی پن بجلی پروجیکٹ کی عمل آوری کے مجوزہ طور طریقے کا بھی جائیزہ لیا ۔ واضح رہے کہ ریاستی انتظامی کونسل نے دریائے چناب پر مرکزی سرکار کی سنٹرل پی ایس یو کے مشترکہ اشتراک سے 850 میگاواٹ ریٹلی پن بجلی پروجیکٹ قایم کرنے کو منظوری دی تھی ۔ میٹنگ میں مشیر موصوف نے ریاستی حکومت کی طرف سے مرکزی سرکار کو بھیجے گئے ماڈل اور اس پروجیکٹ کے حوالے سے مرکزی سرکار کے نکتہ نظر کا بھی جائیزہ لیا ۔