پلوامہ// پلوامہ کے رکھ لیترمیں 63کے وی ٹرانسفامر کی باربار خرابی سے تنگ آکر لوگوں نے پلوامہ سنگم روڑ پر دھرنا دیکر زوردار احتجاج کیا ۔ احتجاج کے دوران علاقے میں کچھ وقت تک ٹریفک کی نقل و حمل متاثر رہی ۔احتجاجی میں شامل لوگوں نے بتایاکہ گائوں کی ایک بڑی آبادی کے لئے 63کے وی بجلی ٹرانسفارمرنصب ہے جو زیادہ لوڈ برداشت نہ کرنے کی وجہ سے با بار خراب ہوتا ہے۔ عوام کو سردی کے ان سخت ایام میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے ۔ مظاہرین میں شامل غلام محمد نامی ایک شہری نے بتایا کہ علاقے میںنصب ٹرانسفارمرکی ہفتے میں تین بار مرمت کرانی پڑتی ہے۔ انہوں نے کہا ’’ ہم نے محکمہ سے 100کے وی ٹرانسفارمرفراہم کرنے کا مطالبہ کیا تھا تاہم آج تک انہیں وہ فراہم نہیںکیا گیا‘‘۔ مظاہرین نے کچھ وقت تک سڑک پر دھرنا دیا جس کے بعد پولیس نے موقع پر پہنچ کر لوگوں کی یقین دہانی کرائی کہ ان کا مطالبہ جلد حل کرایا جائے گا جس کے بعد لوگوں نے احتجاج ختم کر دیا۔اس دوران محکمہ بجلی کے ایک افسر نے بتایا کہ علاقے میںاور لوڈ کی وجہ سے ٹرانسفارمر خراب ہوجاتے ہیں تاہم انہوں نے لوگوں کی شکایت کو حل کرنے کا یقین دلایا ۔ا دھر ایگزیکٹو انجینئر نے اس ضمن میںبتایا کہ اوور لوڈنگ کے باعث ٹرانسفارمر میں خرابی ہو چکی ہے اور یقین دہانی کرائی کہ معاملے کو جلد حل کیا جائے گا۔