محمد تسکین
بانہال // قدرتی موت مرے ایک شخص کو مبینہ طور پر 108 نمبر سے ایمبولینس گاڑی فراہم نہ کرنے کے خلاف کئی لوگوں نے سب ضلع ہسپتال بانہال کے احاطے میں احتجاجی مظاہرہ کیا اور ہسپتال انتظامیہ کے خلاف نعرے بلند کئے۔ احتجاجی مظاہرین کا کہنا ہے کہ روشن الدین نامی ایک شخص چندہ جمع کر رہا تھا اور وہ اچانک بیہوش ہوگیا اور بانہال ہسپتال پہنچانے پر ڈاکٹروں نے اسے مردہ قرار دیا ۔ انہوں نے کہا کہ لاش کو گھر لیجانے کیلئے دو گھنٹوں تک ایمبولینس فراہم نہیں کی گئی۔ اس موقع پر نیشنل کانفرنس لیڈر اور ضلع صدر حاجی سجاد شاہین اور بھارتیہ جنتا پارٹی لیڈر اور جرنل سیکریٹری محمد سلیم بٹ بھی ہسپتال احاطے میں مظاہرین کے ساتھ موجود تھے اور انہوں نے اس واقع کی تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے ۔اس دوران کئی لوگوں کہنا ہے کہ اسوقت الیکشن ماحول ہے اور کچھ سیاسی لیڈر حقیقت جانے بغیر ہی بلا وجہ اس معاملے کو طول دے رہے ہیں اور بانہال کے امن کو خراب کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ افواہیں پھیلانے والوں کے خلاف پولیس کیس درج کیا جائے۔انہوں نے کہا کہ 108 نمبر ڈائل کرکے ایمبولینس سروس جموں سے فراہم کی جاتی ہے اور اس کیلئے بانہال ہسپتال انتظامیہ کسی طور بھی ذمہ دار نہیں ہے۔ اس سلسلے میں بات کرنے پر بلاک میڈیکل آفیسر بانہال ڈاکٹر سید محمد اسماعیل نے بتایا کہ اس شخص کی موت وگن علاقے میں واقع ہوئی ہے اور اسے بانہال ہسپتال پہنچایا گیا جہاں فوری طور پر اس کی ضروری جانچ کی گئی اور ڈاکٹروں نے اسے مردہ قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ مہلوک کے ساتھ کسی شخص نے 108 نمبر پر ایمبولینس کیلئے کال کی تھی اور 108 کا کنٹرول بی ایم او بانہال کے پاس نہیں بلکہ جموں میں ہے۔ انہوں نے کہا کہ 108 نمبر کی ایمبولینس مریض لیکر کشمیر گئی تھی اور انسانیت کے ناطے بانہال ہسپتال سے ایک ایمبولینس کو اس میت کواس کے گھر واقع مکرکوٹ لیجانے کیلئے ڈرائیور کو کہا گیا تھا لیکن اس درمیان چند مفاد پرستوں نے ہنگامہ شروع کر دیا۔ انہوں نے کہا کہ اس واقع میں کسی بھی قسم کی کوئی کوتاہی نہیں کی گئی ہے اور ہسپتال کے باہر ہوئی موت پر جذبات میں آکر بلا وجہ ہنگامہ آرائی کی گئی ۔ انہوں نے کہا کہ تحصیلدار بانہال اور ایس ایچ او بانہال کی موجودگی میں 108 نمبر سے ایمبولینس کے مریض لیکر اننت ناگ میں ہونے کی بھی تحقیقات کی گئی جو درست ثابت ہوئی اور یہ ہنگامہ آرائی اچھا خاصا کام کر رہے بانہال ہسپتال کو بدنام کرنے کی کوشش ہے۔