عظمیٰ نیوز سروس
سری نگر//سری نگر – جموں قومی شاہراہ پر ہفتے کے روز دو طرفہ ٹریفک کی مشروط نقل و حمل بحال کر دی گئی۔ٹریفک حکام نے بتایا کہ سری نگر – جموں قومی شاہراہ پر ہفتے کو دو طرفہ ٹریفک کی نقل و حمل بحال کر دی گئی تاہم کشمیر جانے والی گاڑیوں کو 2 بجے دو پہر تک نگروٹہ کو عبور کرنا ہوگا جبکہ جموں جانے والی گاڑیوں کو 3 بجے دوپہر تک قاضی گنڈ کو عبور کرنا ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ مقررہ شیڈیل کے بعد قومی شاہراہ پر کسی بھی گاڑی کو دونوں طرف سے چلنے کی اجازت نہیں ہوگی۔دریں اثنا ء ضلع شوپیاں کو صوبہ جموں کے پونچھ اور راجوری اضلاع کے ساتھ جوڑنے والے تاریخی مغل روڈ اور سری نگر – لیہہ شاہراہ پر ٹریفک کی نقل و حمل مسلسل بند ہے جبکہ سنتھن – کشتواڑ روڈ بھی ہنوز بند ہے۔ادھر434کلو میٹر سرینگر لیہ شاہراہ پر دونوں طرف سے برف ہٹانے کا کام شروع کیاہے۔ رواں ہفتے کو ہوئی بھاری برفباری کی وجہ سے سرینگر لیہ شاہراہ کو احتیاطی طور پر ٹریفک کی آمدورفت بند کردیا گیا تھا تاہم موسم میں بہتری آنے اور کھلی دھوپ نکلنے کے بعد دراس سے 56 آر سی سی پروجیکٹ وجیک اور سونمرگ سے 122آر سی سی باڈر روڈ آرگنائزیشن نے برف ہٹانے کا کام شروع کیا ہے۔