محمد تسکین+اشرف چراغ
بانہال+کپوارہ //گذشتہ تین روز سے جاری شدید بارشوں کی وجہ سے جموں سرینگر قومی شاہراہ ایک درجن سے زائد مقامات پر پسیوں اور پتھروں کی زد میں آنے کیوجہ سے اتوار کو دوسرے روز بھی ٹریفک کیلئے بند رہی ہے۔شاہراہ پر اتوار کی صبح پنتھیال کے مقام پر ٹنل نمبر 5 کے باہر سڑک کا ایک بڑا حصہ ڈھہ گیا۔
ڈھلواس، رام بن اور بانہال سیکٹر میں ایک درجن سے زائد مقامات پر شاہراہ کی بحالی کا کام شروع کیا گیا اور کئی مقامات پر شاہراہ کو یکطرفہ ٹریفک کے قابل بھی بنایا گیا لیکن اتوار کی دوپہر سے شروع ہوئی بارشوں کے تازہ سلسلے اور گر رہے پتھروں کی وجہ سے کئی مقامات پر شاہراہ کی بحالی کا کام اثر انداز ہوا۔ مکرکوٹ کے مقام پرشاہراہ کے ایک بڑے حصے میں دراڑیں پڑ گئی ہیں ۔ ڈھلواس ، مہاڑ ، کیفٹیریا موڑ اور پنتھیال کے علاوہ ہنگنی ، ناچلانہ ، شیر بی بی اور شالگڑی کے علاقوں میں متعدد پسیاں گر آئیں جس سے شاہراہ بند رہی۔ادھرشمالی ضلع کپوارہ کے کیرن ،مژھل ،بڈنمل ،جمہ گنڈ اور کرناہ کی سڑکیں 3روز سے مسلسل بند پڑی ہیں ۔ کشتواڑ بٹوت قومی شاہرہ پر درابشالہ کے مقام پر پہاڑی کا بڑا حصہ گرایا جسکے سبب سڑک آمدرفت کیلئے بند ہوگئی۔مغل روڑ اور لداخ شاہراہ کے علاوہ بانڈی پورہ گریز روڑ پہلے ہی بند ہے۔