عازم جان
بانڈی پورہ//قوئل بانڈی پورہ میں آگ کی ایک ہولناک واردات میں تین رہائشی مکانات، ایک بیکری یونٹ اور ایک گائوخانہ خاکستر ہوگیاجبکہ تین گائیں اور 15 بھیڑ یںزندہ جل کرہلاک ہوگئیں۔ عینی شاہدین نے کشمیرعظمیٰ کو بتایا کہ منگل اور بدھ کی درمیانی رات کو 2 بجے کے قریب ایک مکان سے اچانک آگ نمودار ہوگئی جس نے مزید دو رہائشی مکانات ، ایک بیکری دکان اورگائوخانہ کو اپنی لپیٹ میں لے لیااورآناً فاناًسب چیزیں خاکستر ہوگئیں۔آگ اس قدر بھیانک تھی کہ تین گائیںاور15 بھیڑیں بھی زندہ جل کر ہلاک ہوگئیں۔ سلیم احمد نامی ایک مقامی باشندے نے بتایا کہ فائر سروس محکمہ نے آگ بجھاکر مزید پھیلنے سے بچالیا۔ آگ اتنی بھیانک تھی کہ آگ بجھانے والوں کی توجہ رہائشی مکانوں کی طرف مرکوز رہی اوریہ فکر لاحق ہوئی کہ کہیں آگ اس گنجان بستی میں نہ پھیل جائے اورجب وہ گائوکانہ کوبچانے گئے تو تب تک گائیں اور بھیڑیں زندہ جل کر ہلاک ہوگئیں تھیں۔جوافراداس واردات میں متاثر ہوئے ہیں ان میںنذیر احمد شیر گوجری ، اسحاق حسین اور عمران احمد شامل ہیں۔