مینڈھر //سابق ممبر قانون ساز کونسل و پی ڈی پی لیڈر محمد رشید قریشی نے بالاکوٹ میں پانچ شہری ہلاکتوں کی مذمت کرتے ہوئے کہاہے کہ دونوں ممالک یاتو امن قائم کریں یاپھر ایک بار جنگ کرکے طاقت آزمائی کرلیں ۔ انہوںنے اپنے ایک بیان میں کہاکہ بار بار فائرنگ اور گولہ باری معمول بن چکاہے جس سے سرحدی آبادی کا جینا حرام ہوکر رہ گیاہے ۔ان کاکہناتھاکہ یہ حقیقت ہے کہ نہ ہی ایک انچ جگہ وہ لے سکتے ہیں اور نہ ہی یہ ،لڑائی کرنی ہے تو وہ غریبی و پسماندگی کے ساتھ کی جائے ، آر پار رہائشی علاقوں کونشانہ بناکرشہریوں کو ہلاک کرنے سے جنگ جیتی نہیں جاسکتی ۔انہوںنے کہاکہ یہ بات باعث تشویش ہے کہ سرحد پرایک ایک کرکے سبھی گھر اجڑ رہے ہیں اور عام شہریوں کے جنازے روز بروز اٹھ رہے ہیں ۔ انہوںنے کہاکہ اس طرح کے حالات ایک جنگ کا منظر نامہ پیش کرتے ہیں ۔قریشی نے کہاکہ دونوں ممالک کو اس حقیقت کو تسلیم کرناہوگاکہ جنگ کسی مسئلہ کا حل نہیں اور پچھلے کئی برسوں کی کشیدگی سے نہ ہی حد متارکہ پر لگی تار آگے پیچھے ہوئی ۔ انہوںنے کہاکہ یہ جنگ دراصل عام شہریوں کو اجاڑنے کیلئے ہے جس سے مزید کچھ حاصل نہیں ہونے والا ۔ قریشی نے کہاکہ حکومت کو سرحدی آبادی کے تحفظ کیلئے اقدامات کرنے چاہئیں اور اگر حالات کو ایسے ہی رکھناہے تو پھر اسے کسی محفوظ مقام پر منتقل کردیاجائے اور پھر دونوں ممالک کی افواج ایک دوسر ے پر خوب گولے برسائیں ۔ قریشی نے کہاکہ بینکروں کی تعمیر بھی نہیں ہوپائی اور نہ ہی دیگر مسائل حل ہوئے ۔ دریں اثناء قریشی نے جموں گورنمنٹ میڈیکل کالج پہنچ کر زخمی بچیوں کی عیادت کی ۔ انہوںنے ان کو علاج کی بہتر سے بہتر سہولت فراہم کرنے اور امداد فراہم کرنے کی مانگ کی ۔انہوںنے دونوں ممالک پر زور دیاکہ وہ بات چیت کے ذریعہ مسائل حل کریں اور جنگ و جدل کا سلسلہ ترک کردیں ۔