قربانیاں ناقابل فراموش:مزاحمتی خیمہ: کنگن پلوامہ میں جاں بحق ہوئے جنگجو کو خراج عقیدت

سرینگر//حریت (ع)،تحریک حریت ،لبریشن فرنٹ ،فریڈم پارٹی اور سالویشن مومنٹ نے کنگن پلوامہ میں جاں بحق جنگجو کو خراج عقیدت ادا کرتے ہوئے ان جوانوں کی قربانیوں کو ناقابل فراموش قرار دیا۔ حریت (ع)نے خراج عقیدت ادا کرتے ہوئے کہا کہ حکومت ہندوستان کی جانب سے کشمیری عوام کے تئیں اختیار کی جارہی جارحانہ پالیسیاں یہاں کی نوجوان نسل کو بندوق کا راستہ اختیار کرنے پر مجبور کررہی ہیں اور جس بے دردی کے ساتھ یہاں کی آزادی پسند قیادت اور عوام کو پشت بہ دیوار کرنے کیلئے ظلم اور جبر سے عبارت ہتھکنڈے بروئے کار لائے جارہے ہیں اُس کا بنیادی مقصد مسئلہ کشمیر کو حل کرانے کیلئے کوششوں میں رکاوٹیں پیدا کرکے خطے میں اپنی بالادستی قائم رکھنا ہے۔ایک بیان حریت نے ڈلی پورہ پلوامہ میں نہتے مظاہرین کے خلاف طاقت اور تشدد کے استعمال کی مذمت کی ۔حریت نے پلہالن پٹن میں کئی نوجوانوں کی گرفتاری کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ بھارت اور اس کے ریاستی آلہ کار عوام کی جائز جدوجہد اور انکے جذبۂ مزاحمت کو دبانے کیلئے ہر غیر جمہوری اور غیر اخلاقی حربہ بروئے کار لارہے ہیں جو حد درجہ افسوسناک اور قابل مذمت ہے ۔دریں اثنا حریت ترجمان نے حریت چیئرمین میرواعظ محمد عمر فاروق کی خانہ نظر بندی کی مذمت کی ہے۔تحریک حریت چیئرمین محمد اشرف صحرائی نے خراج عقیدت ادا کرتے ہوئے لواحقین کے ساتھ تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کیا۔ تحریک حریت بیان کے مطابق صحرائی یکم اپریل اتوار کو اس وقت گھر میں نظربند کردئے گئے جب وہ ضلع سرینگر کے تربیتی اجتماع سے خطاب کرنے کے بعد واپس گھر پہنچے ۔اپنی نظربندی کے دوران محمد اشرف صحرائی نے مصور احمد کو خراج عقیدت ادا کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے یہ نوجوان قوم کوآزادی دلانے کے لیے اپنی اٹھتی جوانیاں قربان کررہے ہیں اور قوم پر بھاری ذمہ داری ڈالتے ہیں کہ وہ ان قربانیوں کی حفاظت کریں۔ صحرائی نے کہا کہ جموں کشمیر میں جو بھی خون خرابہ ہورہا ہے اس کی تمام تر ذمہ داری بھارت پر عائد ہوتی ہے جس نے کبھی بھی اپنے ان وعدوں کا ایفا نہیں کیا جو انہوں نے قومی اور بین الاقوامی سطح پر ہمارے ساتھ کئے ہیں۔ لبریشن فرنٹ وفود نے پلوامہ اور کوکرناگ میں غمزدہ کنبوںکے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا۔ضلع صدر اسلام آباد محمد اسحاق گنائی ،مشتاق احمد کوچھے اور نذیر احمد خان پر مشتمل وفد نے کوکر ناگ جاکر دیلاگام میں جاں بحق کئے گئے رئوف احمد کھانڈے کے لواحقین کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا۔ ضلع صدر جاوید احمد بٹ اور طارق احمد پر مشتمل وفد نے پلوامہ جاکر گزشتہ روز کنگن پلوامہ میں جاں بحق کئے گئے مصور احمد کی نمازجنازہ اور تدفین میں شرکت کی۔ فریڈم پارٹی ترجمان نے خراج عقیدت ادا کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے نوجوان اپنی بے مثال قربانیوں کی بنا پر طویل عرصہ تک یاد رکھے جائیں گے۔ ترجمان کے مطابق ان قربانیوں کے طفیل ہی کشمیریوں کے سیاسی حقوق کی باتیں عالمی ایوانوں میں کی جارہی ہیں۔سالویشن مومنٹ نے بھی خراج عقیدت ادا کیا ہے۔