سرنکوٹ //مغل شاہراہ پر واقع سرنکوٹ کے پوشانہ علاقے میں ایک قبرستان کی اراضی پر کچھ لوگ ناجائز طور پر قابض تھے جس پر کارروائی کرتے ہوئے محکمہ مال نے اس قبضہ کو ختم کرواتے ہوئے 30کنال اور 10مرلہ زمین بازیاب کرالی۔اس سلسلے میں تحصیلدار سرنکوٹ کی طرف سے نائب تحصیلدار لسانہ محمد رشید اورمتعلقہ نائب تحصیلدار فضل حسین شاہ کی قیادت میں ایک کمیشن تشکیل دیا جس میں متعلقہ پٹواری کو بھی شامل رکھاگیا۔ اس کمیشن نے مناسب نشاندہی کرکے پولیس کے ہمراہ موقعہ کا جائزہ لیا اور اس دوران 39کنال اور دس مرلہ اراضی کو ناجائز قبضہ سے چھڑاتے ہوئے نمبردار ،چوکیدار اور مقامی معززین کی موجودگی میں لوگوں کے حوالہ کی گئی ۔کمیشن نے موقعہ پر ہی ناجائز قبضہ ختم کروایا جس پر مقامی لوگوں نے محکمہ مال کی سراہناکی ہے۔