عظمیٰ نیوز سروس
اننت ناگ// اننت ناگ ضلع کے قاضی گنڈ علاقے سے دو بھائیوں سمیت تین خانہ بدوش مزدور گزشتہ تین دنوں سے لاپتہ ہیں۔ان کے اہل خانہ کے مطابق، ریاض احمد بجاد (25) اور اس کا چھوٹا بھائی شوکت احمد بجاد (18) ساکن چاندپنجن قاضی گنڈ اور مختار احمد اعوان چوگامدیوسر کولگام کے ساتھ 13 فروری کو لاپتہ ہو گئے ہیں۔وہ کولگام کے اشموجی میں ایک رشتہ دار کے گھر شادی میں شرکت کے لیے اپنے گھر سے نکلے تھے۔تینوں کا تعلق اصل میں ضلع راجوری کے چتا ڈنڈا پنگلر سے ہے۔ وہ پچھلے چھ سالوں سے اس علاقے میں مزدور کے طور پر کام کر رہے ہیں۔”انہوں نے دمجان کے قریب ایک ٹپر پر لفٹ لی اور اشموجی کی طرف جانے کے لیے میر بازار کے قریب اترے۔ تاہم، اس سے پہلے کہ وہ اپنی منزل پر پہنچ پاتے، وہ لاپتہ ہو گئے، اور تب سے ان کے فون بند ہیں” ۔ایک رشتہ دار ریاض احمد خان نے کہاکہ اس وقت سے ان کا کوئی سراغ نہیں ملا۔اہل خانہ نے قاضی گنڈ پولیس اسٹیشن میں لاپتہ افراد کی رپورٹ درج کرائی ہے اور عوام سے مدد طلب کی ہے۔ جس کے پاس بھی معلومات ہوں ان سے 9682634506 پر رابطہ کرنے کی درخواست ہے۔