عارف بلوچ+غلام نبی رینہ
اننت ناگ+کنگن //نپورہ اننت ناگ اور تھجواس سونمرگ میںدو الگ نوعیت کے حادثات کے دوران کشمیر کی سیرو تفریح پر آنے والے 5سیاح لقہ اجل بن گئے جبکہ 4شدید طور پر زخمی ہوئے جنہیں ہسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔پہلا حادثہ قاضی گنڈ میں پیش آیا۔ سنیچر کی سہ پہر جموں سے سرینگر جارہی اسکارپیو گاڑی زیر نمبر PB47/8687 F نپورہ ونپورہ کے نزدیک تیز رفتاری کے باعث سرینگر جموں قومی شاہراہ پر لڑھک کر نیچے کھائی میں گر گئی جس کے نتیجے میں گاڑی میں سوار 7 غیر مقامی سیاح شدید زخمی ہوگئے جن میں سے 4 زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ بیٹھے جبکہ حادثہ میں 3 دیگر زخمی سیاحوں کو ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔مہلوکین میں 28 سالہ سندیپ شرما،26 سالہ روی،23 سالہ جگدیش آکا ہانی اور 23 سالہ گرمیت سنگھ شامل ہیں،جبکہ زخمیوں کی پہچان 34 سالہ ہرچند سنگھ،18 سالہ آشو اور 25 سالہ کرن پال ہوئی ہے۔سبھی افراد کا تعلق پنجاب شہر کے موگا ضلع سے ہے، جو سیر و تفریح کیلئے کشمیر آرہے تھے۔زخموں کو فوری طور پر گورنمنٹ میڈیکل کالج اننت ناگ منتقل کیا گیا جہاں انکا علاج جاری ہے۔پولیس نے معاملے کی نسبت کیس درج کیا ہے۔دوسرا حادثہ صحت افزا مقام سونہ مرگ کے تھجواس علاقے میں پیش آیا۔ تھجواس علاقے میں ہفتہ کو اس وقت سنسنی کا ماحول پیدا ہوگیا جب مہاراشٹرسے تعلق رکھنے والا 38 سالہ سیاح دیپک پرلیڈ پارٹل ولد ڈاکٹر جگدیش ساکن کالین مہاراشٹرا اپنی اہلیہ کے ہمراہ برف( گلیشیر) پر تصویریں کھیچ رہا تھا ۔ اس دوران گرمی سے برف کی تہہ پگل گئی تھی اور اچانک دونوں میاں بیوی برف میں دھنس گئے۔ محکمہ جنگلی حیات کے اہلکار اور وہاں پر کام کررہے دیگر لوگوں نے دونوں کو کافی مشقت کے بعد برف سے باہر نکال کر پرائمری ہیلتھ سنٹر سونہ مرگ منتقل کیا جہاں ڈاکٹر نے 38سالہ دیپک پرلیڈ پارٹل کو مردہ قرار دیا تاہم ان کی اہلیہ کو معمولی چوٹ آئی ہے۔ایل جی منوج سنہا نے حادثے میں جانی نقصان پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔لیفٹیننٹ گورنر نے تعزیتی پیغام میں کہا”میںکولگام میں ایک بدقسمت سڑک حادثے میں قیمتی جانوں کے ضیاع کے بارے میں جان کر بہت غمگین اور افسردہ ہوں، سوگوار خاندانوں سے میری دلی تعزیت، زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا۔ میں نے ضلعی انتظامیہ کو ہدایت کی ہے کہ وہ تمام ضروری مدد فراہم کرے، “۔