عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر//گریٹر کشمیر اور کشمیر عظمیٰ کے چیف ایڈیٹر فیاض کلو کے بھانجے منظور احمد بابا ولد مرحوم اسد اللہ بابا ساکن نالہ بل نوشہرہ کی اجتماعی فاتحہ خوانی آج یعنی 19جنوری کو صبح 11بجے مرحوم کے آبائی قبرستان نالہ بل نوشہرہ میں انجام دی جائے گی۔ موصوف جمعہ کو دل کا دورہ پڑنے سے انتقال کرگئے ۔ یاد رہے کہ مرحوم کے انتقال کے سلسلے میں کوئی چہارم نہیں ہوگا اور تعزیت پرسی صرف تین دن تک جاری رہے گی۔موصوف کے انتقال پر بڑے پیمانے پر تعزیت پرسی کا سلسلہ جاری ہے۔مفتی ا عظم مفتی ناصر الاسلام ، عوامی مجلس عمل ، نیشنل کانفرنس ،پی ڈی پی،اپنی پارٹی ،ڈیموکریٹک پروگریسو آزاد پارٹی،جمعیت ہمدانیہ، حقانی میموریل ٹرسٹ،جموں و کشمیر رورل ڈیولپمنٹ سوسائٹی ،پرائیویٹ سکولز ایسوسی ایشن،ایجیک ، کشمیر ٹریڈ الائنس ،کشمیر ویلی فروٹ گرورس اور ڈیلس یونین،نیو کشمیر فروٹ ایسوسی ایشن، کشمیر عظمیٰ کے نامہ نگار برائے کولگام خالد جاوید اورجموں کشمیر سول سوسائٹی سمیت مختلف سیاسی ،مذہبی اور صحافتی شعبوں سے وابستہ افراد اور انجمنوں نے سوگوار کنبہ بالخصوص گریٹر کشمیر اور کشمیر عظمیٰ کے چیف ایڈیٹر فیاض کلو کے ساتھ تعزیت کا اظہار کیا ہے اور مرحوم کی مغفرت کیلئے دعا کی ہے۔ مفتی ا عظم مفتی ناصر الاسلام نے بابا خاندان سے تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے مرحوم کی مغفرت کیلئے دعا کی ہے۔انہوں نے فیاض کلو کے ساتھ بھی یکجہتی کا اظہار کیا۔انہوں نے منظور احمد بابا کی وفات کو ایک بڑا سانحہ قرار دیتے ہوئے پسمانگان کیلئے صبر جمیل کی دعا کی۔عوامی مجلس عمل کے سربراہ میرواعظ کشمیر مولوی محمد عمر فاروق نے فیاض احمد کلو کے کے ساتھ گہرے دکھ اور صدمے کا اظہار کرتے ہوئے فیاض کلو اور بابا خاندان کے ساتھ اس سانحہ پر تعزیت اور تسلیت کا اظہار کیا ہے۔ میرواعظ نے جواں سال منظور احمد بابا کی وفات کو بابا خاندان کیلئے ایک بڑا صدمہ جانکاہ قرار دیتے ہوئے اللہ تعالیٰ سے مرحوم کے درجات کی بلندی اور پسماندگان کیلئے صبر جمیل کی دعا کی۔ نیشنل کانفرنس صدر ڈاکٹر فاروق عبداللہ اور نائب صدر عمر عبداللہ نے فیاض کلو کے بھانجے منظور احمد بابا کے انتقال پر گہرے صدمے کا اظہار کیا اور جملہ سوگواران خصوصاً فیاض کلو کے ساتھ تعزیت کا اظہار کیاہے۔
دونوں لیڈران نے مرحوم کی جنت نشینی اور بلند درجات کیلئے دعا کی اور مرحوم کے حق میں کلمات اور دعائے مغفرت بھی ادا کئے۔ پارٹی کے جنرل سکریٹری علی محمد ساگر، معاون جنرل سکریٹری ڈاکٹر مصطفی کمال، رکن پارلیمان میاں الطاف احمد، وزیر اعلیٰ کے صلح کا رناصر اسلم وانی، ترجمانِ اعلیٰ و ایم ایل اے زیڈی بل تنویر صادق، صوبائی صدر ایڈوکیٹ شوکت احمد میر، پارٹی صدر کے سیاسی صلح کار و ایم ایل اے چھانہ پورہ مشتاق احمد گورو، نائب صدر وسیاسی صلح کار مدثر شاہ میری اور ترجمان عمران نبی ڈار نے بھی تعزیت کا اظہار کیا ہے۔ پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی صدر محبوبہ مفتی کی ہدایت پر پارٹی کے جنرل سیکریٹری محمد خورشید عالم نے نوشہرہ جاکر سوگوار کنبے بالخصوص فیاض کلو سے تعزیت کی ۔پارٹی کے سینئر رہنما ڈاکٹر علی محمد، عبدالقیوم بٹ، عارف لائیگرو، محمد اشرف، قاری محمد اشرف بٹ، فیاض احمد، اور عبدالحمید خان پر مشتمل وفد نے غمزدہ خاندان سے ہمدردی اور تعاون کا اظہار کیا۔ دورے کے دوران رہنمائوں نے نقصان پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے دعا کی کہ اللہ تعالی مرحوم کی روح کو جنت الفردوس میں اعلی مقام عطا فرمائے۔ادھر پی ڈی پی لیڈر اور ایم ایل اے وحید الرحمان پرہ نے فیاض کلو بھانجے منظور احمد بابا کے انتقال پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا۔پرہ نے مرحوم کی روح کے لیے ابدی سکون کی دعا کرتے ہوئے مزید کہا کہ اللہ تعالی مرحوم کو جنت الفردوس عطا فرمائے اور سوگوار خاندان کو یہ ناقابل تلافی نقصان برداشت کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔
اپنی پارٹی کے سینئر لیڈر اور جنرل سکریٹری رفیع احمد میر کی قیادت میں پارٹی کے سینئر لیڈران پر مشتمل وفد نے نالہ بل نوشہرہ میں منظور احمد بابا کے سوگوار خاندان سے ملاقات کی اور اپنے گہرے دْکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔موصولہ بیان کے مطابق اپنی پارٹی وفد نے سوگوار خاندان کی نالہ بل نوشہرہ کی رہائش گاہ کا دورہ کیا اور اْن کے اس ناقابل تلافی نقصان پر دلی تعزیت کا اظہار کیا۔بیان میں کہا گیا ہے ’’پارٹی لیڈران نے غم کی اس گھڑی میں سوگوار کنبے کے ساتھ اپنی بھر پور یکجہتی کا اظہار کیا اور مرحوم کی روح کے ابدی سکون اور پسماندگان کے صبر و تحمل کیلئے دعا کی‘‘۔ انہوں نے اس موقع پر پارٹی کے قائد سید الطاف بخاری کی جانب سے بھی سوگوار کنبے کیلئے تعزیتی پیغام پہنچادیا۔وفد میں رفیع احمد میر کے علاوہ پارٹی کے جو سینئر لیڈران شامل تھے، اْن میں ترجمانِ اعلیٰ منتظر محی الدین، میڈیا ایڈوائزر فاروق اندرابی، پارٹی لیڈر عماد میر، آفس انچارج توصیف بشیر اور دیگر اشخاص شامل تھے۔ڈی پی اے پی نے منظور احمد بابا کے اچانک انتقال پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔
پارٹی لیڈر پیر بلال احمد نے پارٹی کے دیگر سینئر رہنماؤں کے ساتھ سوگوار خاندان سے اظہارِ تعزیت کرتے ہوئے مرحوم کے ایصال ثواب کیلئے دعائے مغفرت کی ۔جمعیت ہمدانیہ کے سربراہ مولانا ریاض احمد ہمدانی نے منظور احمد بابا کے انتقال پر گہرے رنج و غم کااظہار کیا ہے۔ انہوں نے مرحوم کے لواحقین بالخصوص گریٹر کشمیر و کشمیر عظمیٰ کے مدیر اعلیٰ فیاض احمد کلو کے ساتھ تعزیت و یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے مرحوم کی جنت نشینی اور بلند درجات کیلئے دعا کی۔ انہوں نے مرحوم کے حق میں دعائے مغفرت اور کلمات بھی ادا کئے۔ جمعیت کے صدر فاروق احمد گانی، جنرل سکریٹری محمد اشرف عنایتی، صوبائی صدر محمد یاسین ، محمد یوسف مسکین، ایڈوکیٹ غلام نبی میر ، پیر غلام نبی فاروقی،سید منظور الحسین ، غلام محمد ساقی اور عبدالواحد بزاز نے بھی تعزیت کا اظہار کیا۔
حقانی میموریل ٹرسٹ نے گہرے رنج والم کا اظہار کیا ہے ۔ ٹرسٹ کے جنرل سکریٹری بشیر احمد ڈار نے بابا ،کلو اور میر خاندانوں سے اظہارہمدردی کیا ۔جموں و کشمیر رورل ڈیولپمنٹ سوسائٹی کے چیئرمین مبارک گل ، صوبائی چیئرمین محمد اشرف خان، چیئرمین شمالی کشمیر خواجہ محمد شفیع اور چیف آرگنائزر شمالی کشمیر و ضلع چیئرمین بارہمولہ عبدالمجید آخون نے گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے مرحوم کی جنت نشینی کیلئے دعا کی اور جملہ خاندان بالخصوص فیاض احمد کلو کے ساتھ دلی ہمدردی کا اظہار کیا ہے۔ پرائیویٹ سکولز ایسوسی ایشن جموں و کشمیر (پی ایس اے جے کے) نے گہرے دکھ اور افسوس کا اظہارکرتے ہوئے مرحوم کی جنت نشینی کیلئے دعا کی۔ایسوسی ایشن کے صدر جی این وار نے اپنے تعزیتی پیغام میں کہا’’منظور احمد بابا جیسے نوجوان اور باہمت شخص کا نقصان نہ صرف ان کے خاندان بلکہ پوری سوسائٹی کیلئے ایک سانحہ ہے۔ پی ایس اے جے کے کی جانب سے، میں گریٹر کشمیر و کشمیر عظمیٰ کے چیف ایڈیٹر فیاض احمد کلو، ان کے خاندان اور تمام سوگواروں سے اظہار تعزیت کرتا ہوں۔ اللہ تعالیٰ مرحوم کی روح کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام دے اور سوگوار خاندان کو اس غم کی گھڑی میں صبر عطا کرے‘‘۔جنرل سیکرٹری فیصل اسلام میر نے غم کا اظہار کرتے ہوئے کہا’’میں کلو اور بابا خاندان سے دل کی گہرائیوں سے تعزیت پیش کرتا ہوں۔ اللہ تعالیٰ اس مشکل وقت غمزدہ خاندان کو صبر جمیل دے‘‘۔ ایمپلائز جوائنٹ ایکشن کمیٹی (ایجیک) کے نائب صدر اور میکانیکل اریگیشن ایمپلائز فیڈریشن (ایم آئی ای ایف) کے سرپرست اعلیٰ فاروق احمد خان نے معروف تاجر منظور احمد بابا کے انتقال پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔وہ مرحوم اسداللہ بابا کے صاحبزادے تھے، جو میکانیکل ایریگیشن اور فلڈ کنٹرول محکمہ کے ایک معزز ملازم رہے ہیں۔ایجیک کے نائب صدر فاروق احمد خان کی قیادت میں ایک وفد نے نالہ بل نوشہرہ میں مرحوم کے اہل خانہ سے ان کی رہائش گاہ پرتعزیت کی۔ وفد میں جنرل سیکرٹری فاروق احمد ، نائب صدر نصیر احمد نہوی، ضلع صدر سرینگر بلال احمد بٹ، چیف ترجمان فاروق ملک، پریس سیکرٹری شبیر احمد خان، فاروق احمد زرگر، اور دیگر اراکین شامل تھے۔ انہوں نے غمزدہ خاندان کے ساتھ گہری ہمدردی اور یکجہتی کا اظہار کیا۔کشمیر ٹریڈ الائنس کے صدر اعجاز شہدار نے فیاض کلوکے ساتھ گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔ اپنے تعزیتی پیغام میں انہوں نے کہا’’ منظور احمد بابا نہ صرف ایک کامیاب صنعتکار تھے بلکہ کشمیر کی معیشت اور تجارت میں ان کا اہم کردار رہا ہے۔ ان کی وفات سے نہ صرف ان کے خاندان کا بڑا نقصان ہوا ہے بلکہ پوری کاروباری کمیونٹی کو بھی شدید صدمہ پہنچا ہے‘‘۔کشمیر ویلی فروٹ گروورز کم ڈیلرز یونین کے چیئرمین اور دی نیو کشمیر فروٹ ایسوسی ایشن کے صدر بشیر احمد بشیر اور اس کے ممبران نے منظور احمد باباکے انتقال پر گہرے صدمے کا اظہار کیا۔KVFG یونین اور NKFAنے مرحوم کی مغفرت اورلواحقین بالخصوص فیاض کلو کیلئے صبر جمیل کی دعا کی۔