سمت بھارگو
راجوری// فوج اور جموں وکشمیر پولیس پر مشتمل سیکورٹی فورسز کی ایک ٹیم نے خطہ پیر پنچال کے بالائی علاقہ میں برفباری کے متاثرین تک ریلیف پہنچانے کیلئے ایک مشن شروع کیا جس کے دوران فوج کی ٹیم کاونسر کو ٹ علاقہ میں پہنچی اور متاثرین کو ریلیف فراہم کی گئی ۔ایک سرکاری بیان میں، فوج نے کہا کہ فوج نے ہمیشہ مشکل وقت ،قدرتی آفات اور علاقے میں اندرونی حالات کی خرابی کے وقت بھی قوم کی تعمیر میں اپنا حصہ ڈالا ہے۔انہوں نے کہاکہ ضلع حکام کی جانب سے برف باری اور شدید بارشوں کی وجہ سے اونچی جگہوں پر پھنسے ہوئے قبائلی خاندانوں کی امداد کیلئے فوج سے رابطہ کیا گیا جس کے بعد اس سلسلہ میں ایک کارروائی شروع کی گئی اور بالائی علاقوں میں متاثرین تک امداد پہنچائی گئی ۔اس میں مزید کہا گیا کہ بھارتی فوج کا گشت ایک مشکل اور دشوار گزار چڑھائی کے بعد اور 36 گھنٹے تک نامساعد موسمی حالات کا مقابلہ کرنے کے بعد کونسر کوٹ پہنچا اور 15 قبائلی خاندانوں کو راشن اور ادویات کیساتھ ساتھ دیگر ضروری امدادی سامان فراہم کیا۔فوج نے کہا کہ قبائلی خاندانوں نے ہندوستانی فوج کا شکریہ ادا کیا۔
عشرت حسین بٹ
منڈی// کچھ عرصہ قبل منڈی تحصیل کے مختلف علاقوں میں ہوئے سڑک حادثوں میں پڑی ہوئی دو گاڑیوں کو فوج کی 25 آر آرکی جانب سے ریسکیو کیا گیا ۔فوج کی 25آر آر کی جانب سے عوامی مدد کے تحت کچھ عرصہ قبل منڈی میں حادثے کی شکار ہوئی گاڑیوں کو اپنی مشینری کے ذریعہ باہر نکالا ہے۔ اس دوران براچھڑ میں حادثے کا شکار ہوئی ٹاٹا موبائل اور منڈی میں حادثے کی شکار ہوئی ٹرالی کو عوامی سفارشات پر فوج نے نکال کر مالکان کے حوالے کیا پر ان گاڑیوں کے مالکان نے سی اوآر آر اور فوج کے ان تمام اہلکاروں کا شکریہ ادا کیا ۔منڈی اور براچھڑ کی عوام نے اس موقعہ پر کہا کہ فوج ہمیشہ لوگوں کی مدد کرتی ہے اور اس مشکل وقت میں بھی فوج نے ان دونوں علاقوں میںحادثے کی شکار ہوئی گاڑیوں کو نکالا ہے جس کیلئے وہ 25آر آر کے شکر گزار ہیں۔