فوج کی ایڈوائزری جاری: عوام بادامی باغ کا رخ نہ کریں

سرینگر//شہری ہلاکتوں کے خلاف مشترکہ مزاحمتی قیادت کی طرف سے آج بادامی باغ فوجی ہیڈ کوارٹرچلو کال کے پیش نظر فوج نے لوگوں کو بادامی باغ کنٹونمنٹ کی طرف مارچ نہ کرنے کی صلاح دی ہے۔دفاعی ترجمان کے بیان میں کہا گیا ہے ’’ افواج ہند ہمیشہ کشمیری عوام کے ساتھ ہیں اور ’’جنگجوئوں، علیحدگی پسندوں اور پاکستان کے درمیان ساز باز کرنے، شہریوں کو فوج کے مقابلے میں کھڑا کرنے‘‘ کے تمام شرپسندانہ عزائم‘‘ کی کوششوں کو ناکام بنائے گی۔ دفاعی ترجمان نے بتایا’’لوگوںسے ایک بار پھر درخواست کی جاتی ہے کہ وہ مشترکہ مزاحمتی قیادت کی طرف سے گمراہ کن کال کو خاطر میں نہ لائے‘‘۔ انہوں نے کہا کہ فوج دیگر سیکورٹی ایجنسیوں اور انتظامیہ کے ہمراہ’’پاکستان اور انکے مقامی حواریوں کی طرف سے کشمیر میں درپردہ جنگ اور جنگجویت سے نبرد آزما ہے‘‘۔انہوں نے کہا کہ سیکورٹی فورسز کا مقصد کشمیر میں عوام کے تعاون سے امن قائم کرنا ہے۔ شہری ہلاکتوں پر تبصرہ کرتے ہوئے دفاعی ترجمان نے کہا کہ سیکورٹی فورسز’’کراس فائرنگ کے دوران‘‘ شہری زندگیوں کو نقصان پہنچنے سے بچنے کی ہر ممکن کوشش کرینگے،جبکہ’’ جائیداد کو نقصان پہنچنے کو کم از کم کرنے‘‘ کی کوشش کی جائے گی۔ ترجمان نے کہا کہ ہر ایک شہری کی ہلاکت فورسز کیلئے دردناک ہوتی ہیں،تاہم مفاد خصوصی رکھنے والے عناصر مسلسل طور پر جائے جھڑپوں کے نزدیک نوجوانوں کو مشتعل کرنے اور جمع کرنے کی کاوشوں میں رہتے ہیں۔ دفاعی ترجمان نے مزید کہا کہ مشترکہ مزاحمتی قیادت کی طرف سے دی گئی بادامی باغ کنٹونمنٹ چلو کال اس طرح کی ایک اور کوشش ہے۔ان کا کہنا تھا’’ پاکستان کے حواریوں کی طرف سے دی گئی کال کی فوج مذمت کرتی ہے،اور لوگوں سے درخواست کرتی ہے کہ ملک دشمن عناصر کے اس طرح کے جھانسوں میں نہ آئے‘‘۔