اسلام آباد //افواجِ پاکستان کے ترجمان میجر جنرل بابر افتحار نے کہا ہے کہ پاکستان میں اب مارشل نہیں لگے گا، پاکستان کی بقاصرف اور صرف جمہوریت میں ہے۔آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نہ تو ایکسٹینشن چاہتے ہیں اور نہ ہی قبول کریں گے۔سابق وزیرِ اعظم عمران خان کو ملنے والے دھمکی آمیز مراسلے سے متعلق اظہارِ خیال کرتے ہوئے ترجمان پاک فوج کا کہنا تھا کہ ڈی مارش صرف سازش پر نہیں دیا جاتا۔ اس کی بہت سی وجوہات ہوتی ہیں۔اْن کا کہنا تھا کہ اس حوالے سے فوج اپنی وضاحت دے چکی ہے اور نیشنل سیکیورٹی کمیٹی کے اعلامیے میں بھی کسی غیر ملکی سازش کا ذکر نہیں ہے۔جمعرات کو راولپنڈی میں تفصیلی نیوز کانفرنس کرتے ہوئے میجر جنرل بابر افتحار کا کہنا تھا کہ بار بار کہہ چکے ہیں کہ فوج کو سیاست میں نہ گھسیٹا جائے،ہمارا سیاست سے کوئی لینا دینا نہیں، ہم آئین اور قانون کی عمل داری پر یقین رکھتے ہیں۔میجر جنرل بابر افتحار نے واضح کیا کہ چیف آف آرمی اسٹاف نہ تو ایکسٹینشن کے خواہش مند ہیں اور نہ ہی اپنے عہدے کی میعاد میں توسیع قبول کریں گے بلکہ وہ رواں برس 29نومبر کو ریٹائر ہو جائیں گے۔