اشرف چراغ
کپوارہ//وادی بنگس ہر گزرتے دن کے ساتھ سیلانیو ں کی پسند دیدہ جگہ بن رہی ہے اور روزانہ یہاںسینکڑوں سیاح اس خوبصورت وادی کی سیر کر کے سکون حاصل کرتے ہیں ۔قدرت کے اس کرشمے سے تسکین حاصل کرنے والوں میں بیشتر سیاح ایسے بھی شامل ہوتے ہیں جوبنگس کے مخملی میدان میں کوڑا کرکٹ ڈال کر قدرت کے اس حسین شاہکار سے کھلواڑ کررہے ہیں ۔وادی بنگس کے آ س پاس رہائش پذیر لوگو ں کا کہنا ہے کہ ایک دور ایسا بھی تھا جب یہ خوبصورت وادی صاف و شفاف ہوا کرتی تھی لیکن اب سب کچھ اس کے برعکس ہے ۔انہوں نے کہا کہ قدرت کے نظاروں سے لطف اندوز ہونے میں کوئی قباحت نہیں ہے اور نہ کھانے پینے میں کوئی حرج ہے لیکن اس کا مطلب یہ نہیں ہے کہ اسے کوڑے دان میں تبدیل کیا جائے ۔صورتحال یہ ہے کہ جگہ جگہ گندگی کے ڈھیر پائے جارہے ہیں۔مقامی لوگو ں کا کہنا ہے کہ وادی بنگس کے بلند وبالا کو ہسارو ں سے پھو ٹتے ہوئے چشمو ں کا ٹھنڈا اور میٹھا پانی ،ہر سمت بہنے والی ندیو ں کی روانی اورپرندوں کی چہچہاہٹ اس علاقے کے حسن میں چار چاند لگا دیتے ہیں ۔وادی بنگس میں کوڑ اکرکٹ ڈالنے کے سلسلے میں محکمہ جنگلا ت رامحال رینج نے ایک صفائی مہم کا آ غاز کیا اور وادی بنگس کے سرسبز میدان کی صفائی عمل میں لاکر اس کو پھر سے دلہن کی طرح سجا یا گیا ۔ڈویژنل فارسٹ افسر کہمیل ڈویژن کرالہ پورہ فیصل احمد نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ کسی بھی خوبصورت مقام کو صاف رکھنا انتظامیہ کا ہی نہیں بلکہ ہر شہری کی ذمہ داری ہے اور وادی بنگس جمو ں و کشمیرکے خوبصورت مقامات میں سر فہرست ہے جسے قدرت نے شاد کرنے والے منا ظر اور حسن سے نوازا ہے اور محکمہ جنگلات نے اس وادی کو صاف کرنے میں ایک صفائی مہم شروع کی جس مہم کے دوران10کوئنٹل کوڑا کرکٹ جمع کرکے ٹھکانے لگایا گیا۔