سرنکوٹ//سرنکوٹ سب ڈویژن کے فضل آباد تا دندی دھڑا رابطہ سڑک کی انتہائی خستہ حالت کی وجہ سے مقامی لوگوں و ٹرانسپورٹروں کو شدید مشکلات درپیش ہیں ۔مکینوں نے بتایا کہ محکمہ پی ایم جی ایس وائی کی جانب سے تعمیر کردہ رابطہ سڑک اب کھڈوں میں تبدیل ہو چکی ہے جسکی وجہ سے عام لوگوں کا چلنا مشکل ہوتا جارہا ہے۔انہوں نے بتایا کہ تین برس قبل محکمہ نے سڑک پر تارکول بچھایا تھا جو کچھ ہی عرصہ گزرنے کے بعد اکھڑنا شروع ہو گیا تھا۔غور طلب ہے کہ متعلقہ محکمہ کی جانب سے 2017میں 5 کلو میٹر رابطہ سڑک پر تار کول بچھایا گیا تھا لیکن غیر معیاری تار کول بچھانے کی وجہ سے کچھ ہی دنوں میں سڑک کھڈوں میں تبدیل ہو گئی تھی لیکن اس کے بعد متعلقہ محکمہ و مقامی انتظامیہ کی جانب سے اس طرف کوئی دھیان ہی نہیں دیا گیا ۔انہوں نے بتایاکہ گزشتہ دنوں علاقہ میں ہوئی سخت بارشوں کی وجہ سے حفاظتی باندھ بھی زمین بوس ہوگئے تھے لیکن محکمہ کو اس کی ٹس سے مس تک نہیں ۔سماجی کارکن عبدالقادر بیگ نے بتایا کہ انتظامیہ کی جانب سے کروڑوں روپے خرچ کئے جاتے ہیں لیکن متعلقہ محکمہ کی جانب سے زمینی سطح پر معیاری کام ہی نہیں کروایا جارہاہے جس کی وجہ سے سرکاری اور عام لوگوں کو بھی نقصان کا سامنا کرنا پڑتا ہے جبکہ محکمہ کیخلاف کوئی کارروائی عمل میں نہیں لائی جارہی ہے ۔مکینوں نے بتایا کہ محکمہ کی جانب سے نالیاں و حفاظتی باندھ تعمیر ہی نہیں کئے گئے جس کی وجہ سے سڑک کا حال مزید ابتر ہوتا جارہا ہے ۔مکینوں نے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ رابطہ سڑک کو معیاری بنانے کیلئے متعلقہ حکام کو ہدایت جاری کی جائیں ۔