سرینگر// زرعی یونیورسٹی کشمیر سے فشریزسائنس میں فارغ شدہ طلاب نے سرینگر میں احتجاج کرتے ہوئے متعلقہ محکمہ میں اسامیوں کو مشتہر کرنے کا مطالبہ کیا۔ جمعہ کو ان ڈگری یافتہ طلباء کی ایک بڑی تعداد نے پریس کالونی میں جمع ہو کر زور دار احتجاج کیا۔ انہوں نے بتایاکہ محکمہ فشریز میں بھرتی قوانین کی سنگین خلاف ورزی ہو رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ضوابط کے مطابق 50 فیصد اسامیوں کو ترقیوںکے ذریعہ پْر کیا جانا چاہئے اور نان گزٹیڈ کیڈر میں براہ راست بھرتی کے ذریعے پُر کیا جانا چاہئے ۔ مظاہرین نے تاہم کہا بد قسمتی سے ، صرف ترقیاں ہو رہی ہیں اور پوسٹوں کی تشہیر نہیں کی جارہی ہے جبکہ ڈگری یافتہ امیدواروں کا کوئی پرسان حال نہیں ہے جس کی وجہ سے وہ سخت ذہنی پریشانیوں میں مبتلا ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہاسال 2018میںایف ڈی اے کی 10 اسامیوں کو چھوڑ کر گذشتہ ایک دہائی سے محکمہ کی جانب سے بھرتی کے حوالے سے کوئی اشتہار شائع نہیں ہوا۔ انہوں نے کہا اگر محکمے میں150افراد کو ترقیاں ملی ہیں تو اتنی ہی تعداد میں اسامیوں کو مشتہر کیا جانا چاہئے ۔