فرکیاں کپوارہ میں آتشزدگی کے پُراسرار واقعہ کی تحقیقات کی جائے: نیشنل کانفرنس

 سرینگر//نیشنل کانفرنس نے فرکیاں کپوارہ میں پُراسرار آگ میں 28دکانات، گاڑی، متعدد موٹر سائیکل اور دیگر املاک کے خاکستر ہونے پر سخت افسوس کا اظہار کرتے ہوئے پولیس کے اعلیٰ حکام سے اپیل کی ہے کہ واقعہ کی اعلیٰ سطحی تحقیقات کرکے آگ لگنے کے اصل محرکات کو عوام کے سامنے لایا جائے۔ پارٹی کے سٹیٹ سکریٹری چودھری محمد رمضان، ضلع صدر کپوارہ قیصر جمشید لون، سینئر لیڈران میر سیف اللہ اور سلام الدین بجاڑ نے مشترکہ بیان میں آتشزدگان کیساتھ اظہارِ یکجہتی کرتے ہوئے آگ کے اس پُراسرار واقعہ کی تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مقامی لوگوں کو خدشہ ہے کہ آگ کا یہ واقعہ ایک مخصوص سیاسی جماعت نے پولنگ عمل میں رخنہ اندازی کرنے کیلئے انجام دی ہے ، اس لئے ضروری ہے کہ معاملے کی اعلیٰ سطحی تحقیقات اور حقائق کو عوام کے سامنے لایا جائے اور ملوثین کو قرارواقعی سزا دی جائے۔ علاوہ ازیں پارٹی لیڈران نے حکومت اور ضلع ترقیاتی کمشنر کپوارہ سے تاکید کی کہ متاثرین کی بازآبادکاری اور فوری امدادکاری کیلئے اقدامات کئے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ متاثرین آتشزدگی میں اپنا سب کچھ گنوا بیٹھے ہیں اور ان کی بروقت امداد انتہائی ضروری ہے اور مفت تعمیری لکڑی بھی فراہم کی جائے۔انہوں نے گورنر سے اپیل کی کہ وہ متاثرین کی بھر پور مالی معاونت کرے۔اس کے علاوہ متاثرہ تاجروں کو کم شرحوں پر قرضے فراہم کئے جائیں تاکہ یہ اپنا کاروبار پھر سے شروع کرسکیں ۔