سرینگر//فردوس کالونی عید گاہ زونی مر کی اندرونی رابطہ سڑکیں خستہ اور ناکارہ ہونے سے کھنڈرات میں تبدیل ہوچکی ہیں جس کے باعث عوام کو گوناگوں مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔فردوس کالونی زونی مر کی اندرونی اور ذیلی رابطہ سڑکیں جگہ جگہ اکھڑ چکی ہیں اور بڑے بڑے کھڈ بن گئے ہیںاور بارشوں میں تالاب بن جاتی ہیں جبکہ اس وقت پیدل چلنے والوں کو کافی مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے ۔ گاڑیاں چلنے سے گندے پانی سے اٹھنے والی چھینٹوں سے طلاب کی وردیاںاور راہگیروں کے کپڑے گندے ہوجاتے ہیں۔ ریاض احمد شیخ نامی شہری کاکہنا ہے کہ ’فردوس کالونی اور آس پاس کے علاقوں کی رابطہ سڑکیں کھنڈرات میں تبدیل ہوچکی ہیں جس کے سبب عبور و مرور میں مشکلات پیش آتی ہیں ‘۔ مذکورہ شہری نے کہاکہ برسوں سے ان سڑکوں کی مرمت اور میگڈم نہیں بچھایاگیا جس کا خمیازہ مقامی آبادی کو بھگتنا پڑ رہا ہے۔